0
Tuesday 27 Jun 2017 23:07

کوئٹہ، سانحہ پاراچنار کیخلاف شیعہ ہزارہ مسلمانوں کا احتجاجی دھرنا شروع

کوئٹہ، سانحہ پاراچنار کیخلاف شیعہ ہزارہ مسلمانوں کا احتجاجی دھرنا شروع
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نماز عید الفطر کے بعد شہدائے پاراچنار کی یاد میں اور پاراچنار دھرنے کے ساتھ یکجہتی کیلئے علمدار روڈ کوئٹہ میں ایک احتجاجی مظاہرہ ہوا، جس میں اہل تشیع کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر امام جمعہ کوئٹہ و ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء علامہ سید ہاشم موسوی، ایم ڈبلیو ایم کے رکن بلوچستان اسمبلی سید محمد رضا، علامہ نصراللہ حسینی، علامہ ولایت حسین جعفری سمیت دیگر افراد موجود تھے۔ مقررین نے پاراچنار حادثے کے سلسلے میں صوبائی اور مرکزی حکومتوں کو بھرپور تنقید کا نشانہ بنایا اور پاراچنار میں خودکش دھماکوں میں شہید ہونے والوں کے لواحقین کو ہر قسم کے تعاون کا یقین دلایا۔ اس موقع پر امام جمعہ کوئٹہ علامہ سید ہاشم موسوی نے کہا کہ پاکستان کے بے حس اور کرپٹ حکمران صرف اپنی جیبوں کو بھرنے اور کرسی کو بچانے میں لگے ہوئے ہیں، جبکہ دہشتگرد عناصر ملک بھر میں دندناتے پھرتے ہیں۔ کوئٹہ، کراچی اور بہاولپور سمیت پاراچنار میں ہونے والے سانحات حکومتی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ پاراچنار اس وقت چاروں اطراف سے سکیورٹی فورسز کے حصار میں ہیں، لیکن دہشتگردوں کا انہی سکیورٹی فورسز کی موجودگی میں کارروائیاں کرنا اور مسلمانوں کو نشانہ بنانا حکومت اور ریاستی رٹ پر سوالیہ نشان چھوڑتا ہے۔ کوئٹہ کے شیعہ ہزارہ مسلمان پاراچنار کے اہل تشیع کے غم میں برابر کے شریک ہے اور پاراچنار میں دھرنے دینے والے مظاہرین کے مطالبات پورا ہونے تک کوئٹہ میں بھی احتجاجی دھرنا جاری رہے گا۔
خبر کا کوڈ : 648983
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش