QR CodeQR Code

کراچی میں بارش کو انتظامیہ نے رحمت سے زحمت بنا دیا

29 Jun 2017 14:34

کئی علاقوں میں 20 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہیں ہو سکی، کے ایم سی، سی ایم سیز، کنٹونمنٹ عملہ اور کے پی ٹی کے اہلکار اپنے اپنے زیر انتظام علاقوں میں سڑکوں اور فلائی اوورز سے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم کئی برسوں کی غفلت ان کے کاموں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔


اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے مختلف علاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق کراچی اور گرد و نواح میں دوسرے روز بھی صبح سے ہی موسم ابر آلود تھا، جمعرات کی صبح بارش کا آغاز سہراب گوٹھ، نئی کراچی، اسکیم 33، گلشن معمار اور دیگر علاقوں سے بارش کا آغاز ہوا اور شہر کے مختلف علاقوں میں ابر کرم برسنا شروع ہوئے۔ ڈائریکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر حنیف کا کہنا ہے کہ حیدرآباد، میرپورخاص سمیت جنوبی سندھ میں 3 دن سے غیر معمولی حبس ہے، اگلے 2 روز میں حیدرآباد، مٹھی، بدین، ٹھٹھہ، عمر کوٹ میں بادل برسیں گے، جبکہ آئندہ 24 سے 36 گھنٹوں میں کراچی میں معمول کی بارش کا ایک اور سلسلہ آئے گا۔ دوسری جانب شہر کے مختلف علاقوں میں پہلے دن ہی بارش کو انتظامیہ نے رحمت سے زحمت بنا دیا۔ کئی علاقوں میں 20 گھنٹے بعد بھی بجلی بحال نہیں ہو سکی۔

کے ایم سی، سی ایم سیز، کنٹونمنٹ عملہ اور کے پی ٹی کے اہلکار اپنے اپنے زیر انتظام علاقوں میں سڑکوں اور فلائی اوورز سے پانی کی نکاسی کیلئے اقدامات کر رہے ہیں، تاہم کئی برسوں کی غفلت ان کے کاموں کو بری طرح متاثر کر رہی ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ روز کراچی کے علاقے لانڈھی میں 34، نارتھ کراچی 33، صدر 25، گلشنِ حدید 24، ائیرپورٹ، ناظم آباد اور ماڈل کالونی میں 23، پی اے ایف مسرور ایئر بیس 16، جبکہ پی اے ایف فیصل ایئر بیس میں 15 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کا یہ سلسلہ آج رات تک وقفے وقفے سے جاری رہے گا، جس کے بعد معطل صاف ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ شہر میں مون سون کی پہلی بارش کے دوران مختلف علاقوں میں کرنٹ لگنے کے واقعات میں 4 افراد جاں بحق، جبکہ سڑکوں پر پھسلن کے باعث ایک درجن سے زائد موٹر سائیکل سوار گر کر زخمی ہوگئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 649354

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/649354/کراچی-میں-بارش-کو-انتظامیہ-نے-رحمت-سے-زحمت-بنا-دیا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org