0
Thursday 29 Jun 2017 23:47

عراق میں دہشتگرد گروہ داعش کی خودساختہ اور باطل خلافت کے خاتمہ کا اعلان

عراق میں دہشتگرد گروہ داعش کی خودساختہ اور باطل خلافت کے خاتمہ کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ عراق کے سرکاری ٹیلیویژن نے موصل میں داعش دہشت گرد گروہ کے زوال اور مکمل شکست سے دوچار ہو جانے کا اعلان کر دیا ہے۔ العالم نیوز چینل کی رپورٹ کے مطابق موصل میں النوری جامع مسجد پر عراقی فوج کا مکمل کنٹرول ہو جانے کے بعد عراق کی وزارت دفاع نے اعلان کیا ہے کہ موصل میں داعش کے لئے اب کوئی جگہ نہیں بچی ہے۔ موصل آپریشنل کمانڈر یاراللہ نے کہا ہے کہ عراق کی انسداد دہشت گردی فورس کے جوانوں نے موصل کی النوری جامع مسجد اور الحدبا اور سرج خانہ نامی علاقوں کو دہشت گردوں کے قبضے سے آزاد کرا لیا ہے اور اس کی پیش قدمی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ داعش کے سرغنہ ابوبکر البغدادی نے جون دو ہزار چودہ میں النوری مسجد میں ہی اپنی خلافت کا اعلان کیا تھا، جس کی بنا پر یہ مسجد داعش دہشت گردوں کے لئے خاص اہمیت کی حامل ہوگئی تھی۔ خبروں میں بھی بتایا گیا ہے کہ عراقی سکیورٹی اہلکاروں نے عام شہریوں کے تحفظ کی خاطر، سست رفتار پیش قدمی کے باوجود موصل کے جنوبی علاقوں میں داعش دہشت گرد عناصر کا محاصرہ کر لیا ہے۔ دریں اثناء عراقی ذرائع ‏ نے موصل کے مغربی علاقے میں دسیوں داعش دہشت گردوں کی ہلاکت کی خبر دی ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق عراقی فورسز نے آٹھ ماہ کی مسلسل کوششوں کے بعد موصل شہر سے داعش کے جنگجوؤں کو بے دخل کرکے شہر کی مشہور النوری مسجد کے احاطے پر دوبارہ قبضہ کر لیا۔ واضح رہے کہ یہ مسجد موصل کے قدیم تاریخی علاقے میں واقع ہے اور اسی مقام پر داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی نے خلافت کا اعلان کیا تھا۔ عراق میں داعش کی خود ساختہ مملکت کے آخری گڑھ کے خاتمے اور مسجد النوری کو آزاد کرانے کے بعد موصل شہر پر داعش کے تین سالہ قبضے کے خاتمے کا اعلان کر دیا گیا۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق عراقی انتظامیہ توقع ظاہر کر رہی ہے کہ داعش کے جنگجوؤں کو قدیم شہر کے چند علاقوں تک محدود کرنے کے بعد جلد ہی موصل میں جاری خانہ جنگی کا اختتام ہو جائے گا۔ آٹھ ماہ تک جاری رہنے والی جھڑپوں کے بعد 850 سال پرانی النوری مسجد سے داعش کا قبضہ چھڑانے اور اس کا کنٹرول حاصل کرنے کو بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے۔ عراقی فورسز کی اس کامیابی کے بعد عراقی وزیراعظم حیدر العبادی نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ ہم داعش کی جعلی ریاست کا خاتمہ ہوتا دیکھ رہے ہیں، موصل کی آزادی اس بات کا ثبوت ہے، ہم پیچھے ہٹنے والے نہیں، ہماری بہادر فورسز کامیابی حاصل کریں گے۔
خبر کا کوڈ : 649558
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش