0
Friday 30 Jun 2017 12:06

خضدار میں خواتین یونیورسٹی کیمپس کی منظوری جلد ہوگی، سردار محمد اسلم بزنجو

خضدار میں خواتین یونیورسٹی کیمپس کی منظوری جلد ہوگی، سردار محمد اسلم بزنجو
اسلام ٹائمز۔ صوبہ بلوچستان کے وزیر زراعت و خزانہ سردار محمد اسلم بزنجو نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ہماری حکومت نے عوام کی خوشحالی اور معاشی ترقی کے لئے پورے صوبے میں اربوں روپے کی ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کیا۔ آج بلوچستان کے عوام ان ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔ ضلع خضدار میں میڈیکل کالج کا قیام مکمل ہوگیا ہے۔ خواتین یونیورسٹی کے کیمپس کی منظوری تکمیل کے مراحل میں ہے۔ مختلف علاقوں میں ڈیمز زیر تعمیر ہیں۔ شہر کی سڑکوں کا کام مکمل ہوگیا، اس بجٹ میں بھی خضدار شہر سمیت پورے ضلع کے لئے سینکڑوں اسکیموں کی منظوری دی جا چکی ہیں۔ ترقیاتی منصوبوں سے ہی محرویوں کا ازالہ کیا جا سکتا ہے۔ اس موقع پر میئر خضدار میر عبدالرحیم کرد اور ڈسٹرکٹ کونسل خضدار کے وائس چیئرمین عبدالحمید ایڈووکیٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ سردار اسلم بزنجو نے ملاقات کرنے والے وفود سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت سے قبل امن و امان کی وجہ سے ترقی کا پہیہ رک چکا تھا، لوگ امن کے خواہاں تھے۔ جب ہماری حکومت بنی تو ہم نے بلوچستان میں اربوں روپے کی ترقیاتی اسکیموں کا آغاز کرکے ترقی کے رکے ہوئی پہیہ کو ایندھن فراہم کیا۔ آج ہم یہ فخر سے کہہ سکتے ہیں کہ اتحادی حکومت نے بلوچستان میں مثالی ترقیاتی اسکیمیں مکمل کرا دیں اور عوام ان کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

ہم نے حکومت اور وزارت میں کبھی سیاسی وابستگی کو اولیت نہیں دی، بلکہ ہم نے اجتماعیت کو اولیت دی اور بلا رنگ و نسل و سیاسی وابستگی کے عوام کی خدمت کی۔ کیونکہ ہم بابائے بلوچستان میر غوث بخش بزنجو کے فکر و فلسفے کے طالب ہیں۔ صوبائی وزیر خزانہ سردار محمد اسلم بزنجو کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت ضلع خضدار میں اربوں روپے کی ترقیاتی اسکیمیں جاری ہیں۔ شہر میں سڑکوں کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے۔ میڈیکل کالج کا قیام مکمل ہوچکا ہے۔ خواتین یونیورسٹی کیمپس نے بھی کام شروع کر دیا ہے۔ ضلع کے چاروں اطراف میں کروڑوں روپے کی تعمیراتی ڈیمز بن رہے ہیں اور حالیہ بجٹ میں بھی بلوچستان کے دیگر علاقوں کی طرح ضلع خضدار کے لئے بھی اربوں روپے کی ترقیاتی اسکیموں کی منظوری کے لئے فنڈز رکھے گئے ہیں۔ 2018ء کے انتخابات تک مزید ترقی اور خوشحالی آئے گی اور ان شاء اللہ ہم کارکردگی اور عملی اقدامات کی بنیاد پر آنے والے انتخابات میں حصہ لیکر عوام کی خدمت کے تسلسل کو جاری رکھیں گے۔
خبر کا کوڈ : 649582
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش