0
Friday 30 Jun 2017 18:51

الطاف حسین مہاجروں کا نام استعمال نہ کریں، فاروق ستار

الطاف حسین مہاجروں کا نام استعمال نہ کریں، فاروق ستار
اسلام ٹائمز۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ فاروق ستار نے کہا ہے کہ بانی ایم کیو ایم الطاف حسین مہاجروں کا نام استعمال نہ کریں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فاروق ستار نے ایم کیو ایم لندن کے رہنماؤں الطاف حسین اور ندیم نصرت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ہم قومی سلامتی کو نقصان پہنچانے والے کاموں کی سخت مذمت کرتے ہیں۔ فاروق ستار نے کہا کہ ندیم نصرت امریکا میں پاکستان مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہیں، جس کی شدید مذمت کرتے ہیں، مہاجروں کی مظلومیت کا رونا رو کر امریکی کانگریس سے پاکستان کی امداد بند کرنے کا مطالبہ کرنا حماقت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لندن سے آنے والے بیانات مہاجروں کے حق میں نہیں، کوئی ذی شعور پاکستانی ان کی حمایت نہیں کرتا، لندن والوں کا رویہ 22 اگست کی تقریر کا تسلسل ہے اور وہ مہاجروں اور مظلوم عوام کا نام استعمال کرکے جو کام کر رہے ہیں، ان کی ہر گز اجازت نہیں دی جائے گی۔ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم لندن کے پاس پاکستانی عوام کا مینڈیٹ نہیں، جبکہ ایم کیو ایم پاکستان عوام میں موجود ہے اور ان کے مسائل حل کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ واضح رہے کہ 22 جون کو ایم کیو ایم لندن کے رہنماء ندیم نصرت نے امریکی کانگریس کے رکن سینیٹر جان مکین سے ملاقات کرکے انہیں کراچی کی صورت حال کے بارے میں بریفنگ دی تھی۔
خبر کا کوڈ : 649661
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش