0
Friday 30 Jun 2017 19:31

کراچی، سانحہ پاراچنار کیخلاف شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کا انعقاد

کراچی، سانحہ پاراچنار کیخلاف شیعہ علماء کونسل کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرے کا انعقاد
اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل کے سربراہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر سانحہ پاراچنار و کوئٹہ میں ہونے والی دہشت گردی کے خلاف ملک بھر میں احتجاجی ریلیاں اور مظاہرے منعقد کئے گئے، اسی حوالے سے ایس یو سی سندھ کی جانب سے صوبے بھر میں احتجاجی مظاہرے ہوئے، جبکہ کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ شیعہ خوجہ اثناء عشری جامع مسجد کھارادر کے باہر بعد نماز جمعہ کیا گیا، جس میں علامہ کرم الدین واعظی، علامہ جعفر سبحانی، محمد یعقوب شہباز سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ایس یو سی کراچی ڈویژن کے صدر علامہ کرم الدین واعظی نے کہا کہ یوم القدس کے دن کراچی میں پولیس پر فائرنگ اور کوئٹہ و پاراچنار میں بم دھماکوں کے ذریعے 100 سے زائد بے گناہ روزہ دار مسلمانوں کی شہادت آپریشن ضرب عضب اور آپریشن ردالفساد پر سوالیہ نشان ہے، پاراچنار طوری بازار میں بارود سے بھری گاڑی کو روکنے کی کوشیش کرنے والے پولیس اہلکار لائق تحسین ہیں، لیکن چاروں طرف سخت چیکنگ کے ہوتے ہوئے شہر کے اندر بارود سے بھری گاڑی کا پہنچنا سیکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلام کے نام پر بنا ہے اور اس ملک کے شہریوں کو اسلام کے نام پر قتل کیا جا رہا ہے، کئی عرصے سے ملک خداداد پاکستان کے محب وطن شہریوں تہ تیغ کیا جا رہا ہے، لیکن ریاست اور حکومت بے بس نظر آرہی ہیں۔

علامہ کرم الدین واعظی نے کہا کہ پاکستان کے مختلف علاقوں میں اسلام اور ملک دشمن قوتوں کے ٹھکانے موجود ہیں اور مختلف علاقوں سے بارود سے بھری گاڑیوں کی آمدورفت تسلسل کے ساتھ جاری ہے، اس طرح مختلف شہروں میں ملک و ملت دشمن عناصر دندناتے پھر رہے ہیں، جس کی واضح دلیل کراچی میں پولیس اہلکاروں پر فائرنگ اور پاراچنار و کوئٹہ میں متواتر ہونے والے تین بم دھماکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمانوں کے دکھ اور درد میں شریک ہونے والے طبقے کو استعمار اور اس کے زر خرید غلاموں کی جانب سے ہمیشہ خطرہ لاحق ہے اور یہ سلسلہ جاری رہے گا، لیکن ہم کربلا کے ماننے والے ہیں، اپنے حق سے دستبردار نہیں ہو سکتے، چاہے ہمیں لاکھوں قربانیاں دینی پڑے، اب ریاست پاکستان بھی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کیلئے سنجیدہ ہو جائے اور ملک و ملت دشمن عناصر کی جڑوں کو نابود کرنے کیلئے دہشتگرد پالنے والے عناصر سے مملکت خداداد پاکستان کو پاک کریں، تب ہی اس ملک میں امن و امان بحال ہو سکتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاراچنار کے شہداء کے وارثین کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں، ہم کسی بھی مظلوم کی حمایت سے پیچھے نہیں ہٹ سکتے، چاہے وہ مظلوم فلسطین کے ہوں یا بحرین کے، یمن کے ہوں یا شام کے، کشمیر کے ہوں یا پاکستان کے، ہم مظلوم کی حمایت اور ظلم و زیادتی کی مخالفت کرتے رہیں گے۔
خبر کا کوڈ : 649676
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش