0
Saturday 1 Jul 2017 15:11

اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ جمشید دستی کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک کا فوری نوٹس لیا جائے، آصف رضا ایڈووکیٹ

اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ ہے کہ جمشید دستی کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک کا فوری نوٹس لیا جائے، آصف رضا ایڈووکیٹ
اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین کی مرکزی پولیٹیکل کونسل کے کوآرڈینیٹر آصف رضا ایڈووکیٹ نے قومی اسمبلی کے رکن جمشید دستی کے ساتھ پولیس کے ناروا اور انسانیت سوز سلوک کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج اگر پاکستان میں ایک ایم این اے کے ساتھ ایسا غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے، تو ایک عام آدمی کی کیا صورتحال ہو گی، ہم سمجھتے ہیں کہ میاں صاحبان انتقامی کاروائیوں کے ماہر ہیں اور اسی انتقامی کاروائی کا شکار موجودہ ایم این اے جمشید دستی ہو رہا ہے۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایم ڈبلیو ایم کے رہنماء کا کہنا تھا کہ آخر اس رکن اسمبلی کا جرم کتنا بڑا ہے کہ اس کو بھوکا رکھا جائے، اسے سونے نہ دیا جائے اور اسے کی بیرک میں خطرناک کیڑے مکوڑے چھوڑے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک جانب قتل کے جرم میں گرفتار بلوچستان کے رکن اسمبلی ڈاکٹر عبدالمجید اچکزئی کے ساتھ پولیس کے رویئے اور دوسری جانب رکن قومی اسمبلی جمشید دستی کے ساتھ پولیس کے روئے کا موازنہ کیا جائے، تو ہمیں دوہرا معیار دکھائی دیتا ہے، عبدالمجید اچکزئی قتل کے جرم میں گرفتار ہے، اس کے باوجود متکبرانہ انداز میں عدالت میں پیش ہوتا ہے اور میڈیا کے نمائندگان کو دھمکاتا ہے، دوسری جانب جمشید دستی جسے پانی چوری کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے، اسے حوالات میں انسانیت سوز مظالم کا شکار بناکر زنجیروں میں جکڑ کر عدالت میں پیش کیا جاتا ہے اور میڈیا سے بات بھی کرنے کی اجازت نہیں دی جاتی۔ آصف رضا ایڈوکیٹ نے اعلیٰ عدلیہ سے مطالبہ کیا ہے جمشید دستی کے ساتھ پولیس کے ناروا سلوک کا فوری نوٹس لے اور انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 649912
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش