QR CodeQR Code

پاراچنار سمیت دہشتگردی کے تمام واقعات کے مقدمات ملٹری کورٹ میں چلائے جائیں، ایس یو سی

1 Jul 2017 20:06

نمائش چورنگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس یو سی کراچی کے صدر نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا دورہ پاراچنار دشمن کی سب سے بڑی ناکامی ہے، انہوں نے گذشتہ کئی دنوں سے جاری دھرنے کو ختم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا، مگر حکومتی نمائندوں کا پاراچنار نہ جانا افسوسناک عمل ہے، جسکی ہم مذمت کرتے۔


اسلام ٹائمز۔ شیعہ علماء کونسل پاکستان سندھ کی جانب سے کراچی میں نمائش چورنگی پر ہنگامی پریس کانفرنس منعقد کی گئی، جس میں ایس یو سی سندھ کے نائب صدر و پولیٹیکل سیکرٹری محمد یعقوب شہباز، علامہ رجب علی بنگش، علامہ کرم الدین واعظی، علامہ نثار قلندری، علامہ علی کرار نقوی، علامہ عباس ترابی، علامہ کامران عابدی، ایس ایم نقی، موسٰی عابدی سمیت دیگر علماء کرام و رہنماء بھی موجود تھے۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ایس یو سی کراچی کے صدر علامہ کرم الدین واعظی نے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کا دورہ پاراچنار دشمن کی سب سے بڑی ناکامی ہے، جس کو ہم سراہتے ہیں کہ انہوں نے گذشتہ کئی دنوں سے جاری دھرنے کو ختم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا، مگر حکومتی نمائندوں کا پاراچنار نہ جانا افسوسناک عمل ہے، جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز حکومت کے اس اقدام سے پاراچنار کی عوام میں مایوسی پائی جاتی ہے، حکومت کا فرض بنتا ہے کہ وہ ملک میں بسنے والے ہر شہری کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائے، چاہے اُس کا تعلق کسی بھی مکتب فکر سے ہو، ہم پاکستان کے محب وطن شہریوں کو پاکستان مخالف اور دشمن ایجنسیوں کی شرارت جو کہ پارا چنار میں کی گئی ہے، اس کی پُرزور مذمت کرتے ہیں۔

علامہ کرم الدین واعظی نے کہا کہ پاراچنار میں گذشتہ دس سالوں سے خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے، یہ ملک دشمن قوتیں پاکستان میں افراتفری اور مذہبی فسادات کی فضاء قائم کرنا چاہتی ہیں، ہمیں اس موقع پر بھرپور فہم و فراست سے کام لینا ہوگا، دشمن ہر محاذ پر ناکامی کے بعد اب ہمیں آپس میں لڑوانا چاہتا ہے، ہمیں دشمن کے ارادوں کو سمجھنا ہوگا اور ملک میں امن و امان اور محبت کو فروغ دینا ہوگا، تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کو پُرامن پاکستان مل سکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم دشمن کے مذموم عزائم کو کسی بھی قیمت پر کامیاب نہیں ہونے دینگے، ہم پاکستان دشمن اور استعماری ایجنٹوں کو پر واضح کر دینا چاہتے ہیں کہ پاکستان میں بسنے والے تمام شیعہ و سنی آپس میں بھائی بھائی ہیں، پاکستان میں شیعہ و سنی اتحاد میں کوئی دو رائے نہیں، اس ملک میں بیرونی آقاؤں کی مداخلت کو ہم ہرگز گوارہ اور برداشت نہیں کریں گے کہ وہ ہمارے خون سے ہولی کھیلیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اسلام و پاکستان کے دشمن ہمارے وطن عزیز کی سلامتی کو مسلسل چیلنج کر رہے ہیں، جس کو ہم نے اتحاد و وحدت اور حب الوطنی کے ذریعے ناکام بنانا ہے، ملت تشیع پاکستان زندہ باد کے علاوہ کوئی لفظ سوچ نہیں سکتی، ہم بانیان پاکستان کی اولادیں ہیں، پاکستان کی بنیادوں میں ہمارے آباؤ اجداد کا پاک لہو شامل ہے، ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم ہی اس کو بچائیں گے۔

صدر ایس یو سی کراچی نے کہا کہ ہم نواز حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ سوشل میڈیا پر چلنے والی پاکستان مخالف بیاناتی مہم کا سخت سے سخت نوٹس لے، جو کہ محب وطن پاکستانیوں اور محب وطن ملت تشیع کو داغدار کرنے کی کوششیں ہیں۔ علامہ کرم الدین واعظی نے کہا کہ ہم پاک فوج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور پاک فوج کیساتھ سرحدوں کی حفاظت اور ملک کے امن و امان کیلئے ہر وقت ساتھ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک میں قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی اتحاد بین المسلمین کے بانی ہے، جنہوں نے پاکستان میں ہزاروں لاشیں اٹھائیں، لیکن اس ملک کے امن اور استحکام کے خلاف کبھی کوئی بات نہیں کی، اس بات کا واضح ثبوت ملی یکجہتی کونسل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور آرمی چیف جنرل قمر باجوہ سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ پارا چنار اور ملک بھر میں ہونے والے دہشتگردی کے دلخراش واقعات میں ملوث دہشتگردوں اور اُن کے سہولت کاروں کو گرفتارکرکے بے نقاب کریں اور ان تمام دہشتگردی کے واقعات کے مقدمات ملٹری کورٹ میں چلائے جائیں، تاکہ شہداء کے گھرانے جو انصاف کے منتظر ہیں، اُن کو انصاف مل سکیں۔


خبر کا کوڈ: 649977

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/649977/پاراچنار-سمیت-دہشتگردی-کے-تمام-واقعات-مقدمات-ملٹری-کورٹ-میں-چلائے-جائیں-ایس-یو-سی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org