0
Friday 30 Jun 2017 20:25
شام کے حوالے سے امریکی دھمکیاں اور دعوے شرمناک ہیں، روسی وزارت خارجہ

شام کیخلاف واشنگٹن کے اشتعال انگیز اقدامات کا بھرپور جواب دینگے، سرگئی لاوروف

شام کیخلاف واشنگٹن کے اشتعال انگیز اقدامات کا بھرپور جواب دینگے، سرگئی لاوروف
 اسلام ٹائمز۔ روس کے وزیر خارجہ سرگئی لاوروف نے اعلان کیا ہے کہ ماسکو شام کے خلاف واشنگٹن کے اشتعال انگیز اقدامات کا بھرپور جواب دے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق روسی وزیر خارجہ نے کہا کہ کیمیائی حملے کے لئے شامی فوج کی تیاری پر مبنی امریکی دعویٰ بہت زیادہ خطرناک ہے اور دہشت گرد عناصر اس سے غلط فائدہ اٹھاتے ہوئے وحشیانہ اقدام عمل میں لا سکتے ہیں اور اس کا ذمہ دار شامی فوج کو قرار دے سکتے ہیں۔ روس کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اپریل میں خان شیخون پر کیمیائی حملے کے بارے میں چشم دید گواہوں کے حوالے سے دعویٰ کیا گیا، مگر ان چشم دید گواہوں کو کسی نے نہیں دیکھا۔ سرگئی لاوروف نے کہا کہ امریکی حکام، شامی فوج کی جانب کیمیائی حملے کی تیاری کے دعوے کے بارے میں کوئی بھی ثبوت پیش کرنے سے گریز کر رہے ہیں، جبکہ ان کا یہ رویہ بالکل درست نہیں ہے اور نہیں معلوم کہ واشنگٹن اپنے دعوے کو کیوں ثابت نہیں کرنا چاہتا۔

ادھر روس کی وزارت خارجہ نے شام کے خلاف امریکی دھمکیوں اور دعوؤں کو شرمناک اور قیاس آرائیوں پر منبی قرار دیا ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخا رووا نے ماسکو میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے شام کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ یہ ظاہر کرنے کی کوشش کر رہا ہے کہ شامی فوج کیمیائی حملے کی تیاری کر رہی ہے۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے کہا کہ  امریکہ نے اپنے دعوے کے حق میں کوئی دستاویز یا ثبوت بھی پیش نہیں کیا ہے۔ انہوں نے شام کے صوبے دیرالزور کے علاقے المیادین پر امریکی اتحاد کے حالیہ حملے کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اس حملے میں چوبیس عام شہری ہلاک اور درجنوں دیگر زخمی ہوئے ہیں۔ ماریا زاخا رووا نے کہا کہ امریکہ نے پورے رمضان کے دوران، شام میں عام شہریوں کو نشانہ بنایا حالانکہ ان لوگوں کا دہشت گردوں سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ روسی وزارت خارجہ کی ترجمان نے مزید کہا کہ نام نہاد داعش مخالف امریکی اتحاد کے لڑاکا طیاروں نے دیرالزور اور تنف میں دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار شامی فوج کے مختلف دستوں پر حملے کیے جس میں متعدد شامی فوج ہلاک اور زخمی ہوئے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 649998
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش