0
Saturday 1 Jul 2017 23:43

ملکی معاملات میں بیرونی مداخلت کو مسترد کرنا ہوگا، ثروت اعجاز قادری

ملکی معاملات میں بیرونی مداخلت کو مسترد کرنا ہوگا، ثروت اعجاز قادری
اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی پر اثر انداز ہونے کی کوشش نہ کی جائے، آئین کی بالادستی کو ہر حال میں قائم رکھنا ہوگا، انصاف کی راہ میں رکاوٹ جمہوری قدروں کے منافی ہے، جے آئی ٹی کی مکمل تحقیقاتی رپورٹ کے بعد عوام عدالت عالیہ سے فوری فیصلے کے منتظر ہیں، کرپشن کا دروازہ ہمیشہ کیلئے بند کرنا ہے تو کرپٹ عناصر کا کڑا احتساب کرنا ہوگا، عوام دہشتگردی اور کرپشن کا مکمل صفایا چاہتے ہیں، تاکہ ملک ترقی کی جانب گامزن ہو، بے روزگاری ختم اور معاشی خوشحالی ہو، پاکستان سنی تحریک اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتی ہے، حکمران عوامی مسائل پر پر توجہ دیں، عوام کے مسائل حل نہ کرنا جمہوریت منافی عمل ہے، ریمنڈ ڈیوس کے انکشافات نے عوام کو دھچکا لگایا ہے، غلامی کی زنجیروں کو توڑنا ہوگا، بیرونی قرضوں نے غلامی کی زنجیر میں جکڑا ہوا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر معززین کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ حکمران عوامی سوچ و منشاء کے مطابق میڈان پاکستان پالیسیاں مرتب کریں، ملکی معاملات میں بیرونی مداخلت کو مسترد کرنا ہوگا، ملک کی خود مختاری و سلامتی کیلئے پوری قوم متحد ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بیرونی سازشوں سے نمٹنے کیلئے عوام میں سیاسی شعور اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا خطے میں اپنی بقاء اور مفادات کیلئے بھارت کا کندھا استعمال کر رہا ہے، اسلحے کی ترسیل کو فروغ دینا خطے کیلئے خطرناک ہے، کشمیریوں پر بھارتی مظالم و دہشتگردی پر امریکا کا آنکھیں بند رکھنا تشویشناک ہے، جس کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردی کے خلاف پاکستان اور پاک فوج کی کاوشوں کا پوری دنیا اعتراف کر رہی ہے، امریکی صدر جانبداری کا مظاہرہ کرکے خطے میں طاقت کے توازن کو بگاڑ کر امن مخالف پالیسی پر گامزن ہیں، جو کسی طور بھی دنیا کے امن کیلئے بہتر اقدام نہیں ہے۔ سربراہ پی ایس ٹی نے مزید کہا کہ بھارت کے پاکستان میں دہشتگردی کے شواہد سلامتی کونسل سمیت عالمی برادری کے پاس ہیں، حقائق سے منہ موڑ کر بھارت کو نوازنا کسی طور بھی اچھا اقدام نہیں ہے، خطے میں امریکا کو بیلنس اور مثبت رویہ اختیار کرنا ہوگا۔
خبر کا کوڈ : 650034
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش