QR CodeQR Code

صوبہ خیبر پختونخوا کی تمام جیلوں کی سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، پولیس ذرائع

13 Apr 2011 12:42

اسلام ٹائمز:صوبائی محکمہ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں پشاور سنٹرل جیل میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں، جیل کے قریب پولیس نے خصوصی طور پر ایک عارضی چیکنگ پوسٹ بھی قائم کر دی ہے تا کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔


پشاور:اسلام ٹائمز۔ صوبہ خیبر پختونخوا میں صوبے کی تینوں بڑی جیلوں پشاور سنٹرل جیل، ہری پور سنٹرل جیل اور سنٹرل جیل ڈی آئی خان کی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے، جبکہ صوبہ میں پولیس چیک پوسٹوں پر شر پسندوں کے حملوں کے بعد صوبے کے تمام اضلاع میں بھی سیکورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے مشتبہ افراد کی فوری گرفتاری اور شرپسندوں کے سخت گیر محاسبے کی ہدایت کی گئی ہے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کی ہدایات کی روشنی میں پشاور سنٹرل جیل میں سیکورٹی کے انتظامات انتہائی سخت کر دیئے گئے ہیں اور قیدیوں سے ملاقات پر عارضی پابندی بھی لگا دی گئی ہے۔ اسی طرح سنٹرل جیل پشاور کے باہر پشاور پولیس کی اضافی نفری سمیت ایلیٹ فورس کے جوانوں کو بھی تعینات کردیا گیا ہے جبکہ جیل کے قریب پولیس نے خصوصی طور پر ایک عارضی چیکنگ پوسٹ بھی قائم کر دی ہے تا کہ شر پسند عناصر پر کڑی نظر رکھی جا سکے۔ ادھر ڈی آئی خان سنٹرل جیل اور ہری پور جیل کی سیکورٹی بھی سخت کر دی گئی ہے۔
دریں اثناء حیات آباد کارخانو مارکیٹ میں پولیس پوسٹ پر مبینہ حملے کے نتیجے میں ایک اے ایس آئی کی شہادت اور ایک سپاہی بخش کے زخمی ہونے کے بعد پشاور بھر میں چیک پوسٹوں پر تعینات پولیس جوانوں کو انتہائی ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی سخت چیکنگ سمیت مشتبہ افراد پر کڑی نظر رکھی جا رہی ہے۔ صوبہ خیبر پختونخوا کے دیگر اضلاع بالخصوص مردان، چارسدہ، صوابی، نوشہرہ، کوہاٹ، لکی، ہنگو، ڈی آئی خان، بنوں، دیر، شانگلہ اور بونیر وغیرہ میں بھی سیکورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مشتبہ افراد کی فوری گرفتاری اور شرپسندوں کے سخت گیر محاسبے کے لئے سرچ آپریشنوں میں بھی تیزی لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔


خبر کا کوڈ: 65006

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/65006/صوبہ-خیبر-پختونخوا-کی-تمام-جیلوں-سیکورٹی-ہائی-الرٹ-کر-دی-گئی-پولیس-ذرائع

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org