0
Tuesday 4 Jul 2017 11:53

تمام نوجوان کارکن سرمایہ دارانہ سیاست کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں نکلیں، امجد علی خان

تمام نوجوان کارکن سرمایہ دارانہ سیاست کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں نکلیں، امجد علی خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف میانوالی کے رہنماء اور ممبر قومی اسمبلی امجد علی خان نے پی ٹی آئی ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن پاکستان تحریک انصاف کا قیمتی سرمایہ ہیں، ہم سب عمران خان کے سپاہی ہیں، تمام نوجوان، کارکن سرمایہ دارانہ سیاست کے خاتمے کیلئے میدان عمل میں نکلیں، انشاء اﷲ آنے والا دور تحریک انصاف کا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے ملکی خزانے کو باپ دادا کی جاگیر سمجھ کر لوٹا، انشاء اﷲ تحریک انصاف اقتدار میں آکر پائی پائی کا حساب لے گی، عمران خان نے شریف خاندان کی کرپشن کو بے نقاب کر دیا، میانوالی عمران خان کا آبائی ضلع ہے اور آئندہ الیکشن میں عمران خان میانوالی سے بھاری اکثریت سے کامیاب ہونگے۔ انکا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کسی کی بیساکھیوں کا سہارا لینے کے بجائے اپنی قوت بازو پر یقین رکھتی ہے اور انشا اﷲ وطن عزیز سے کرپشن اور لاقانونیت کی جڑیں ختم کرنے کیلئے پانامہ کیس کو اُس کے منطقی انجام تک پہنچائے گی۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی جراتمندانہ پالیسیوں اور انقلابی اقدامات کی بدولت تحریک انصاف کی عوامی مقبولیت میں اضافہ ہو رہا ہے، دیگر سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ہماری جماعت میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے، پی ٹی آئی آئندہ الیکشن میں ملک بھر سے سویپ کریگی۔ انہوں نے کہا کہ کرپشن کو جڑوں سے اُکھاڑے بغیر وطن عزیز میں ترقی و خوشحالی کا خواب پورا نہیں ہو سکتا، حکمرانوں کی لوٹ مار پالیسی اور اقرباء پروری نے وطن عزیز کو بحرانوں سے دو چار کیا، جس کی وجہ سے سرزمین وطن پر غربت کا گراف روز بروز بلند ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ اس نے قومی دولت لوٹنے والے حکمرانوں کو قانون کے کٹہرے میں کھڑا کر دیا، اب گیند عدلیہ کے ہاتھ میں ہے، پوری قوم پر اعتماد ہے کہ عدلیہ کا فیصلہ حق و انصاف پر مبنی ہو گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی وسائل کو بیدردی سے لوٹنے اور عوام کی حق تلفیاں کرنیوالے غاصب اور لٹیرے حکمران کسی رعایت کے مستحق نہیں، جے آئی ٹی کی رپورٹ کی روشنی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کا متوقع فیصلہ سرزمین پاکستان پر اہم تبدیلی لائے گا۔
خبر کا کوڈ : 650694
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش