0
Tuesday 4 Jul 2017 12:32

پی ٹی وی پر پختونوں کی تضحیک کیخلاف پشاور اور چارسدہ میں احتجاجی مظاہرے

پی ٹی وی پر پختونوں کی تضحیک کیخلاف پشاور اور چارسدہ میں احتجاجی مظاہرے
اسلام ٹائمز۔ پاکستان کے سرکاری ٹیلی وژن پی ٹی وی پر پختونوں کے حوالے سے تضحیک آمیز مواد نشر کرنے کے خلاف پشاور اور چارسدہ میں احتجاجی مظاہرے کئے گئے۔ پشاور پریس کلب کے سامنے سول سوسائٹی کے زیر اہتمام ہونے والے مظاہرے میں پختون شاعروں، ادیبوں، عوامی نیشنل پارٹی کے کارکنوں اور رہنما میاں افتخار حسین نے شرکت کی۔ اس موقع پر مقررین کا کہنا تھا کہ سرکاری ٹی وی پر ایسا مشاعرہ نشر ہونا افسوسناک ہے، جس میں صاف الفاظ میں پختونوں کی بے عزتی کی گئی۔ اسی طرح چارسدہ پریس کلب کے سامنے ہونے والے مظاہرے میں شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اٹھا رکھے تھے، جن پر پی ٹی وی کے خلاف نعرے درج تھے۔ مظاہرین نے پروگرام ہنسنا منع ہے، کے پروڈیوسر اور متعلقہ شاعر جواد حسین جواد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ یاد رہے کہ پی ٹی وی پر یہ پروگرام عید کے روز نشر ہوا تھا، جس میں پختونوں کو بدبودار، سال میں ایک بار نہانے اور بموں سے بجلی پیدا کرنے والے ظاہر کیا گیا تھا، جس پر پاکستان ٹیلی وژن کے منیجنگ ڈائریکٹر نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے پروگرام پروڈیوسر سہیل اشرف سے 3 دن کے اندر جواب طلب کر لیا ہے۔ جاری کردہ نوٹس میں کہا گیا ہے کہ مشاعرہ پشتونوں اور پی ٹی وی کی پالیسی کے خلاف تھا تو پھر کیوں نشر ہوا؟ اس حوالے سے وفاقی سیکرٹری انفارمیشن نے سماجی رابطوں کی ویب سائیٹ ٹویٹر پر اپنے ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ پی ٹی وی ایک ریاستی ادارہ ہے اور اپنے تمام اعمال کا ذمہ دار ہے، کسی نے اگر اپنی حد سے تجاوز کیا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 650703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش