0
Tuesday 4 Jul 2017 18:22

بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ اسلام و پاکستان کیلئے خطرے کی علامت ہے، سرفراز نقوی

بھارت اسرائیل گٹھ جوڑ اسلام و پاکستان کیلئے خطرے کی علامت ہے، سرفراز نقوی
اسلام ٹائمز۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر سرفراز نقوی نے سکردو میں مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کا حالیہ دورہ اسرائیل خطہ میں بدلتی ہوئی صورتحال کے پیش نظر قابل توجہ ہے، نسل پرست غاصب صہیونی ریاست اور بھارت کی یہ قربتیں اور اتحاد عالم اسلام اور پاکستان کیلئے خطرے کی علامت ہیں۔ انہوں نے کہا عالم اسلام کو عالم کفر کیخلاف متحد ہونا ہوگا، صیہونی و استعماری طاقتیں مسلم اُمہ کیخلاف متحد ہو رہی ہیں، ایسی صورتحال میں اُمت مسلمہ کو اتحاد و وحدت سے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل و بھارت کے وزرائے اعظم کی ملاقات میں فلسطین کے اہم ترین مسئلہ کو نظر انداز کرنا استعمار کی نئی حکمت عملی کو واضح کرتا ہے، جس کیلئے مسلمان ممالک کو آگاہ رہنا ہوگا۔

سرفراز نقوی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں صہیونیوں کے اسلحے سے ہی پرامن سیاسی جدوجہد و مزاحمت کرنیوالوں کو نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے کشمیری انتفاضہ میں متعدد شہید ہوچکے ہیں اور سینکڑوں زخمی ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اور اسرائیل کے درمیان اسلام دشمنی اور مسلم کشی کے علاوہ اور کوئی قدر مشترک نہیں، غاصب صیہونی ریاست اسرائیل نے قبلہ اول اور انبیا علیہم السلام کی سرزمین پر قبضہ کر رکھا ہے تو دوسری طرف بھارت نے مسلمانوں کے اکثریتی علاقے خطہ کشمیر پر پنجے گاڑ رکھے ہیں، اسرائیل فلسطینی مسلمانوں پر ظلم کے پہاڑ توڑتا ہے، گن شپ جہازوں سے حملے کرتا ہے، ٹینکوں سے گولہ باری کرتا ہے تو دوسری طرف بھارت نہتے کشمیری مسلمانوں پر رات دن آتش و آہن کی بارش کرتا ہے، ان کے نوجوانوں کو شہید اور زخمی کرتا ہے اور ان کے قائدین کو زندانوں کے حوالے کرتا ہے، بھارت اور اسرائیل بدترین قسم کی ریاستی دہشتگردی سے مسلمانوں پر ظلم ڈھا رہے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 650763
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش