0
Wednesday 5 Jul 2017 20:45

نئے پولیس ایکٹ میں عوام کے تمام مسائل کا حل موجود ہوگا، صلاح الدین خان محسود

نئے پولیس ایکٹ میں عوام کے تمام مسائل کا حل موجود ہوگا، صلاح الدین خان محسود
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے جلد ہی پولیس ایکٹ 2017ء نافذ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نئے ایکٹ سے سکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے ڈیرہ اسماعیل خان پولیس لائن کا دورہ کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں عوام کے تحفظ، امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لئے پولیس میں اصلاح کا عمل تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں صوبائی حکومت کی جانب سے پولیس ایکٹ 2017ء کو منظور کر لیا گیا ہے، جبکہ انتظامی امور پر کام اگلے 2 ماہ میں متوقع ہے۔ اس موقع پر آئی جی پی کا کہنا تھا کہ پولیس ایکٹ میں عوام کے تمام مسائل کا حل موجود ہوگا، پولیس کی مجرمانہ غفلت اور کوتاہی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، عوام کے تحفظ، امن و امان اور دہشت گردی میں کمی نہ لائی گئی تو افسران کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک منصوبے کی سکیورٹی کے لئے 700 ملین روپے کی منظوری ہوچکی ہے، جس سے جدید اسلحہ اور نئی گاڑیاں بھی خریدی جائیں گی۔ سی پیک منصوبے کی سکیورٹی کے لئے 4200 نفوس پر مشتمل نفری سٹینڈ بائی ہے، جبکہ 3000 نفری کی نئی فورس بھی بھرتی کی جائے گی، اس کے ساتھ ہی پشاور میں سی پیک سیل بھی کھولا گیا ہے۔

میڈیا نمائندوں کے سوال کے جواب میں آئی جی پولیس نے بتایا کہ پولیس گھروں میں سرچ آپریشن کے دوران لائسنس یافتہ اسلحہ اٹھا کر نہیں لے جا سکتی، یہ غیر قانونی ہے، ماسوائے جرائم پیشہ افراد کے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پولیس کو مضبوط بنانے، جرائم میں خاتمے اور دہشت گردی کے خلاف ہمہ وقت تیار رکھنے کی غرض سے جنوبی اضلاع میں پولیس ٹرینگ سکول کا نظام قائم کیا جا رہا ہے، جس کے لئے ڈی آئی خان میں پولیس ٹرینگ سکول منظور ہوچکا ہے، اس کے علاوہ مختلف تھانوں اور چوکیوں کو بہتر بنانے کے لئے کام جاری ہے۔ صلاح الدین محسود نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کے پی کے پولیس، عسکری و سول ادارے مکمل ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں، جس کے نتیجے میں گذشتہ 2 سال کے دوران 1300 سے زائد دہشت گردوں کو گرفتار کرکے عدالت تک پہنچایا جا چکا ہے، آج 75 فیصد سے زائد دہشت گردی کم ہوچکی ہے، لیکن اس کے باوجود دہشت گردی کے خدشات ہمیشہ موجود رہیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ ڈرائیونگ لائسنس کا چوتھا ٹھیکہ منظور ہوچکا ہے، تمام قانونی تقاضے پورے ہونے کے بعد سائلین 10 روز بعد ہی اپنے لائسنس وصول کرسکیں گے۔
خبر کا کوڈ : 651093
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش