0
Thursday 6 Jul 2017 17:23

پاک فضائیہ نے ملکی ترقی اور دفاع میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا، احسن اقبال

پاک فضائیہ نے ملکی ترقی اور دفاع میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا، احسن اقبال
اسلام ٹائمز۔ وفاقی وزیر برائے ترقی و منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ ایوی ایشن سٹی کا قیام خود انحصاری کے منصوبے "عزم" کا عکاس ہے، پاک فضائیہ نے ملکی ترقی اور دفاع میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے، وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ملکی ترقی میں اعلٰی تعلیم کو ترجیح دے رہے ہیں، گذشتہ چار سال میں معاشی ترقی کے ساتھ امن و امان میں بہتری آئی ہے، تعلیمی اداروں کے سربراہان ملک کے طلباء کی فوج کے کور کمانڈر ہوتے ہیں، پاک فوج کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک پلیٹ فارم مہیا کر دیا ہے۔ وہ پاکستان ایروناٹیکل کمپلیکس کامرہ میں ایوی ایشن سٹی کے قیام کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے ایوی ایشن سٹی کا سنگ بنیاد رکھا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ خوشی ہے کہ ایئرچیف پاک فضائیہ کو بلندیوں تک لے جانے کے خواب کی تکمیل کر رہے ہیں۔ ایوی ایشن سٹی کا قیام خود انحصاری کے منصوبے "عزم" کا عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فضائیہ نے ملکی ترقی اور دفاع میں ہمیشہ بھرپور کردار ادا کیا ہے۔ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فضائیہ کا کردار قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالج سے فارغ التحصیل ہونے والے اپنے خوابوں کی تکمیل کیلئے پرعزم ہیں۔ پاک فضائیہ کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لئے ایک پلیٹ فارم مہیا کیا گیا ہے۔ ایئروسپیس کے شعبے میں نئے مواقع کے لئے مختلف اداروں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

احسن اقبال نے مزید کہا کہ جدید تقاضوں سے ہم آہنگ ہونے کے لئے ملک میں فور جی سپیکٹرم کا آغاز کیا گیا ہے، دنیا میں چوتھے صنعتی انقلاب کا آغاز ہوچکا ہے۔ تختی سے سمارٹ فون تک کا سفر اس کی ایک کڑی ہے، وقت کے ساھ ساتھ ماضی کی کامیابیاں متروک ہو کر جدید ٹیکنالوجی کی متقاضی ہوتی ہیں۔ جدید تحقیق اور ریاضتوں سے ہی ترقی کی دوڑ میں شامل رہا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کے سربراہان ملک کے طلباء کی فوج کے کور کمانڈر ہوتے ہیں، قوموں کی مستقبل کی جنگ میدان کے بجائے تعلیم و ترقی میں چھپی ہوئی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ملکی ترقی میں اعلٰی تعلیم کو ترجیح دے رہے ہیں۔ رواں مالی سال میں اعلٰی تعلیم کیلئے ترقیاتی بجٹ کو پچاس ارب تک بڑھا دیا گیا ہے۔ ماضی میں ہم نے ترقی اور کامیابیوں کے کئی مواقع گنوا دیئے۔ 1965ء سے ہم کئی ممالک سے ترقی کی دوڑ میں آگے تھے۔ 90 کی دہائیوں میں بننے والی پائیدار پالیسیوں کی بدولت پاکستان معاشی طاقت بننے کے قریب تھا۔ احسن اقبال نے کہا کہ ملک میں پالیسیوں کا تسلسل نہ ہونے کی وجہ سے ترقی کا سفر متاثر ہوا۔ قوم کی ترقی کے لئے پالیسیوں کا تسلسل اور سیاسی استحکام ضروری ہے۔ 2013ء میں پاکستان معاشی طور پر ناکام ریاست کے طور پر گردانا جاتا تھا۔ گذشتہ چار سال میں معاشی ترقی کے ساتھ امن و امان میں بھی بہتری آئی ہے۔ چار سال میں توانائی کے شعبے میں اہداف کا حصول آسان کام نہیں تھا۔ 2018ء تک توانائی بحران پر مکمل طور پر قابو پالیں گے۔ مضبوط ملک کے لئے مضبوط معیشت ہی ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے۔
خبر کا کوڈ : 651263
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش