0
Friday 7 Jul 2017 00:41

سی پیک سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، آئی جی پی خیبر پختونخوا

سی پیک سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہیں، آئی جی پی خیبر پختونخوا
اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل پولیس خیبر پختونخوا صلاح الدین خان محسود نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے سی پیک سکیورٹی کیلئے 700 ملین روپے کی منظوری دی ہے، جو دو اقساط میں محکمہ پولیس کو ملے گی۔ اس رقم سے تین ہزار پولیس اہلکار بھرتی کرنے کے علاوہ نئی گاڑیاں اور اسلحہ خریدا جائیگا جبکہ 4200 پولیس اہلکار ہمہ وقت تیار ہوں گے۔ سی پیک کی سکیورٹی کے تمام انتظامات مکمل ہو چکے ہیں۔ ڈرائیونگ لائسنس صوبہ بھر میں دس یوم کے اندر جاری کر دیئے جائینگے۔ 2014 کی نسبت خیبر پختونخوا میں دہشت گردی میں 75 فیصد کمی آئی ہے۔ دہشت گردی کی خلاف جنگ میں خیبر پختونخوا پولیس، CTD، عسکری وسول اداروں کے باہمی روابط سے کام ہو رہا ہے دو سال میں 13 سو سے زائد دہشت گردوں کو عدالتوں تک بھجوایا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آر پی او آفس ڈیرہ میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ اس موقع پر آر پی او ڈیرہ اسماعیل خان سید فدا حسن شاہ بھی موجود تھے۔ آئی جی خیبر پختونخوا نے اس موقع پر آر پی او آفس میں قائم ''پاس'' کا بھی دورہ اور اسکو سراہا۔

صلاح الدین خان محسود نے کہا کہ پولیس کی مجرمانہ غفلت کو کسی صورت میں برداشت نہیں کیا جائیگا عوام کو انصاف دلانا، امن و امان کا قیام اور دہشتگردی کا خاتمہ پولیس کا کام ہے۔ کارکردگی درست نہ ہونے والے افسران کے خلاف کاروائی کی جائیگی۔ انہوں نے کہا کہ انکے دوروں کا مقصد جرائم اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں نئے نظام کے حوالے سے عوام کو آگاہ کرنا ہے۔ ٹانک، ڈیرہ اسماعیل خان، لکی اور بنوں جیسے دور افتادہ علاقے میں پولیس ٹریننگ سکول کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے۔ ٹانک پولیس لائن پر کام شروع ہے۔ ان تمام اقدامات کا مقصد جرائم اور دہشتگردی کے خلاف پولیس کو تیارکرنا ہے بعد ازاں انہوں نے مفتی محمود لائیبریری میں منتخب نمائندوں، معززین علاقہ اور تاجران سمیت دیگر شعبہ جات سے تعلق رکھنے والے نمائندہ جرگہ سے بھی ملاقات کی اور خطاب کیا۔
خبر کا کوڈ : 651362
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش