0
Friday 7 Jul 2017 17:05

مردان میں برن سنٹر بنانے کی تجویز زیر غور

مردان میں برن سنٹر بنانے کی تجویز زیر غور
اسلام ٹائمز۔ صوبائی وزیر صحت شاہرام خان ترکئی اور صوبائی وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں عوام کو صحت کی بہترین سہولیات کی فراہمی پی ٹی آئی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے، اُنہوں نے مردان میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کو ہدایت کی کہ ہسپتال کے ایکسیڈنٹ اینڈ ایمرجنسی ڈیپارٹمنٹ اور او پی ڈی کی تزئین و آرائش اور ان کو جدید ترین طبی آلات سے لیس کرنے کا کام تین مہینے کے اندر مکمل کریں اور ہسپتال میں مزید بہتری لانے کے لئے قابل عمل اور ترجیحی منصوبے بناکر صوبائی حکومت کو پیش کریں تاکہ ان کے لئے ضروری وسائل فراہم کئے جا سکیں۔  اُنہوں نے صحت انصاف کارڈ کے تحت غریب مریضوں کا بطور خاص خیال رکھنے اور ان کو علاج کی اچھی سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایت کی، وہ ایم ٹی آئی مردان میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ آف گورنرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں بورڈ کے چیئرمین ڈاکٹر سید فضل ہادی، بورڈ کے دیگر ارکان ڈاکٹر غزنہ، ڈاکٹر شاہد خٹک اور نعیم خان کے علاوہ ایم ٹی آئی ایم ایم سی کے میڈیکل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر امیر خان، ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود، ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین صاحبزادہ سعید اور ایچ ایم سی کے ہاسپٹل ڈائریکٹر شہزاد اکبر کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔
 
اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے ہاسپٹل ڈائریکٹر ڈاکٹر طارق محمود نے بتایا کہ ایم ٹی آئی کا درجہ پانے کے بعد سے ایم ایم سی میں مریضوں کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی کے لئے کئی اقدامات اُٹھائے گئے ہیں اور حال ہی میں ملنے والے فنڈز سے او پی ڈی اور ایمرجنسی کی حالت بہتر بنانے کے لئے کام کا جلد آغاز ہوگا جبکہ فیز تھری میں ہسپتال کے موجودہ شعبوں کو ترقی دینے کے ساتھ ساتھ اس میں نئے شعبے متعارف کرنے کی تجاویز دی گئی ہیں۔  اُنہوں نے اُمید ظاہر کی صوبائی حکومت فیز تھری کے مجوزہ منصوبوں کے فنڈز فراہم کرے گی۔ وزیر صحت نے برن سنٹر سمیت دیگر منصوبوں میں گہری دلچسپی لیتے ہوئے کہا کہ مردان صوبے کا دوسرا بڑا اور نہایت اہم شہر ہے اور صوبے کے دیگر اضلاع بشمول صوابی، مالاکنڈ اور بونیر کے مریضوں کا بوجھ بھی ایم ایم سی برداشت کرتا ہے اس لئے حکومت اس ہسپتال کو بڑے ہسپتالوں کے ہم پلہ بنانے میں گہری دلچسپی رکھتی ہے کیونکہ اس سے پشاور کے ہسپتالوں پر بوجھ کم ہوگا، تاہم اُنہوں نے کہا کہ صوبے کے وسائل کو مدنظر رکھتے ہوئے ایم ایم سی انتظامیہ ایک مرحلہ وار اور ترجیحی بنیادوں پر منصوبے بناکر صوبائی حکومت کو پیش کرے تاکہ ان کے لئے فنڈز فراہم کئے جا سکیں۔
 
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم محمد عاطف خان نے کہا کہ فنڈز کی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے تاہم ان کا بروقت اور درست استعمال انتظامیہ کی ذمہ داری ہے اور اس میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ ایم ایم سی کی کارکردگی پر میڈیا میں سوال اُٹھتے ہیں اس لئے عوام کی شکایات کا ازالہ فوری طور پر کیا جائے۔ انہوں نے توقع ظاہر کی کہ بورڈ ممبران اس حوالے سے اپنی ذمہ داری پوری کریں گے۔ بعدازاں صوبائی وزراء نے ایم ایم سی کے او پی ڈی اور ایمرجنسی کا دورہ کیا اور مریضوں کو دی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ضلعی کونسلر شیر بہادر خان، تحصیل کونسلر ایاز صافی، پی ٹی آئی کے رہنما جہانزیب افضل، شارق خان، بلال خان، اسماعیل خان اور دیگر بھی موجود تھے۔ عاطف خان اور شاہرام خان ترکئی نے ایم ایم سی کے لان میں ایروکیریا کے پودے لگا کر شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا۔
خبر کا کوڈ : 651457
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش