QR CodeQR Code

فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے، ثروت اعجاز قادری

7 Jul 2017 18:45

مرکز اہلسنت پر علاقائی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یہودیوں کے آلہ کار ہیں، انتہاپسندی و دہشتگردی ملک کیلئے زہر قاتل ہے، مذہبی منافرت وہ لوگ پھیلا رہے ہیں جو بیرونی قوتوں کے اشاروں پر ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اسلام میں بگاڑ پیدا کرنیوالے یہودیوں کے آلہ کار ہیں، انتہاپسندی و دہشتگردی ملک کیلئے زہر قاتل ہے، فرقہ واریت کے خاتمے کیلئے حکومت سخت اقدامات کرے، مسلمانوں کو آپس میں لڑانا یہود و نصاریٰ کا فارمولاہے، تاکہ اسلامی ممالک کو کمزور کرسکیں، مذہبی منافرت وہ لوگ پھیلا رہے ہیں جو بیرونی قوتوں کے اشاروں پر ملک کو غیر مستحکم کرنا چاہتے ہیں، پاکستان دہشتگردی کے خلاف حالت جنگ میں ہے، پاکستان اسلام کا قلعہ اس وجہ سے ہے کہ یہاں عاشقان رسولؐ بستے ہیں، پوری قوم انتہاپسندی اور دہشتگردی کے خاتمے کیلئے یکجا ہے، کراچی کے امن سے پورے ملک کی معاشی ترقی جڑی ہوئی ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی میں مرکز اہلسنت پر علاقائی عہدیداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ بھارت اسلام مخالف قوتوں سے ہاتھ ملا کر خطے کے امن کو تہہ و بالا کرنا چاہتا ہے، بھارت نے اگر کوئی حماقت کی تو اینٹ کا جواب پتھر سے دینگے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمارے اکابرین نے لاکھوں جانوں کے نذرانے دیکر حاصل کیا اور آج بانیان پاکستان کی اولادیں ملک کو بچانے کیلئے ہر قسم کی قربانی دینے کو تیار ہیں، اسلام اور پاکستان کے تشخص کو نقصان پہنچانے والے کسی معافی کے لائق نہیں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ کہ پاک فوج کی دہشتگردی کے خاتمے اور ملک کی سلامتی کیلئے قربانیاں قابل قدر ہیں، عوام حکومت اور فوج سے دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرامید ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ عوام دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پُرعزم ہے ،ملک کی حفاطت و سلامتی کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔


خبر کا کوڈ: 651495

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/651495/فرقہ-واریت-کے-خاتمے-کیلئے-حکومت-سخت-اقدامات-کرے-ثروت-اعجاز-قادری

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org