0
Saturday 8 Jul 2017 12:59

کچھی کینال منصوبہ رواں سال اگست میں مکمل ہو جائیگا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین

کچھی کینال منصوبہ رواں سال اگست میں مکمل ہو جائیگا، لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین
اسلام ٹائمز۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین نے کہا ہے کہ ضلع مظفر گڑھ میں تونسہ بیراج کے مقام پر واقع ہیڈ ریگولیٹر کے ذریعے ٹیسٹنگ کے لئے مرکزی نہر میں رواں ماہ ہی پانی کی بھرائی شروع کی جائے گی۔ بعد ازاں اگلے ماہ یعنی اگست میں منصوبہ مکمل ہونے پر آبپاشی کی غرض سے تعمیر کئے گئے تقسیمی نظام میں پانی چھوڑ دیا جائے گا۔ اُنہوں نے بتایا کہ اگست میں ڈیرہ بگٹی کے دور دراز علاقے میں 72 ہزار ایکڑ نئی اراضی سیراب ہوگی۔ کچھی کینال کا منصوبہ بلوچستان میں معاشی اور معاشرتی ترقی کے لئے نہایت اہم ہے، کیونکہ اس منصوبہ سے صوبہ کے پسماندہ اور دور دراز علاقوں میں زراعت اور زرعی شعبہ سے وابستہ صنعت کو فروغ ملے گا۔ کچھی کینال کی بدولت بلوچستان دریائے سندھ کے نظام آبپاشی سے اپنے حصے کا پانی حاصل کر پائے گا۔ پانی دستیاب ہونے پر لوگ اپنی غیر آباد اراضی کو زیر کاشت لائیں گے اور ان کی زندگی میں بہتری آئے گی۔ چیئرمین واپڈا نے چشمہ بیراج، جناح ہائیڈل پاور سٹیشن اورچشمہ ہائیڈل پاور سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور ان منصوبوں سے متعلق مختلف امور کا جائزہ لیا۔ اِس دوران جناح اور چشمہ ہائیڈل پاورسٹیشن کی افادیت بڑھانے کے حوالے سے مختلف اقدامات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ یاد رہے 2002ء میں شروع ہونے والا یہ منصوبہ مختلف وجوہات کی بناپر اپنی لاگت اور تکمیل کی مدت میں بے حد اضافہ کے باعث تقریباً متروک کیا جاچکا تھا۔ تاہم موجودہ وفاقی حکومت کی بھرپور مدد اور واپڈا کے انجینئرز کے شاندار کام کی بدولت اس منصوبے کو نئی زندگی ملی اور 15 سال بعد اب یہ منصوبہ مکمل ہونے کو ہے۔
خبر کا کوڈ : 651703
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش