0
Saturday 8 Jul 2017 17:47

حکمران جے آئی ٹی سے بچ گئے تو انکی لوٹی ہوئی ساری دولت وائٹ ہو جائیگی، ڈاکٹر عاصم

حکمران جے آئی ٹی سے بچ گئے تو انکی لوٹی ہوئی ساری دولت وائٹ ہو جائیگی، ڈاکٹر عاصم
اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کراچی کے صدر اور سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا دماغی معائنہ بھی ہونا چاہیے اور میں دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ پاگل ہیں۔ کراچی میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ ان کے کیس میں پانچواں پراسیکیوٹر بھی تبدیل کر دیا گیا، چیئرمین نیب اور ان کا ٹولا میرے خلاف سازش کر رہا ہے، نیب کے پاس میرے خلاف ثبوت ہی نہیں ہیں، نیب نے میرے خلاف جعلی اور سیاسی کیس بنایا ہے، سندھ میں دس ہزار زمینوں کے کیس ہیں، اس میں صرف ڈاکٹر عاصم نظر آتا ہے۔ پیپلز پارٹی کے رہنماء نے کہا کہ حکمران جے آئی ٹی سے بچ گئے تو ان کی لوٹی ہوئی ساری دولت وائٹ ہو جائے گی، جس طرح کی حرکتیں یہ لوگ کر رہے ہیں، اس سے لگتا ہے کہ (ن) لیگ والے دباؤ برداشت نہیں کر سکتے، آج نواز شریف کے خلاف جے آئی ٹی چل رہی ہے، تو وہ خلافت راشدہ کے دور کی باتیں کرنے لگے ہیں، یہ خود ہی سازش کرتے ہیں اور پھر دوسروں پر سازش کا الزام لگاتے ہیں، نواز شریف ٹولہ پاکستان کا دشمن ہے اور ملک کو نقصان پہنچا رہا ہے، یہ پاکستان کی ترقی نہیں چاہتے۔ ڈاکٹر عاصم نے وزیراعظم نواز شریف کے خلاف فیصلے کے امکان کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم اجلاسوں کی صدارت کر رہے ہیں، گھوم پھر رہے ہیں تاجکستان جا رہے ہیں، ہر کام کر رہے ہیں، جے آئی ٹی کے ساتھ ساتھ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کا دماغی معائنہ بھی ہونا چاہیے اور میں دعویٰ سے کہہ سکتا ہوں کہ یہ پاگل ہیں۔
خبر کا کوڈ : 651783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش