0
Sunday 9 Jul 2017 15:33

پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ جاری، چنیسر گوٹھ میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں ہاتھا پائی

پی ایس 114 کے ضمنی الیکشن میں پولنگ جاری، چنیسر گوٹھ میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں میں ہاتھا پائی
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد میں صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی ایس 114 میں ضمنی الیکشن کیلئے پولنگ جاری ہے جبکہ حلقے میں دفعہ 144 نافذ کردی گئی ہے۔ چنسیر گوٹھ میں پولنگ اسٹیشن نمبر 85,86,87,99,79 میں بدنظمی اور کارکنوں کے درمیان ہاتھا پائی کے باعث پولنگ روک دی گئی ہے۔ چنسیر گوٹھ میں پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے حامیوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا جس کے بعد پولنگ کا عمل روک دیا گیا، یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب آزاد امیدوار محمود خان کے پولنگ ایجنٹ اندر گئے تو سیاسی جماعت کے کارکن نے روکا، لیکن جب انہوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اپنا خط دکھایا تو وہ اندر چلے گئے، لیکن پھر انہیں چند لوگوں نے مار مار کر باہر نکال دیا، جس کے بعد پیپلز پارٹی اور آزاد امیدوار کے کارکنان کے درمیان جھگڑا بڑھ گیا۔ تفصیلات کے مطابق حلقے کے ضمنی الیکشن میں 27 امیدوار مدمقابل ہیں جن میں سے 5 جماعتوں کے امیدواروں میں اصل معرکہ درپیش ہے جن میں پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، ایم کیو ایم پاکستان، مسلم لیگ ن اور جماعت اسلامی شامل ہیں۔ پیپلز پارٹی کے سعید غنی، جماعت اسلامی کے ظہور احمد جدون، پی ٹی آئی کے محمد نجیب ہارون، ایم کیو ایم کے کامران ٹیسوری اور ن لیگ کے علی اکبر گجر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ درپیش ہے۔

ضمنی الیکشن میں ایک لاکھ 93 ہزار 892 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 1 لاکھ 12 ہزار 203 ہے اور خواتین رائے دہندگان کی تعداد 81 ہزار 689 ہے۔ پولنگ کیلئے 92 پولنگ اسٹیشنز قائم کئے گئے ہیں جن میں سے 33 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کے سلسلے میں سخت سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔ امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے 2 ہزار رینجرز اہلکار اور 1500 پولیس کے جوان تعینات ہیں جب کہ کسی بھی ہنگامی صورت حال سے نمٹنے کے لئے فوج کو بھی اسٹینڈ بائی رکھا گیا ہے۔ حلقے میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے اور شناختی کارڈ کے بغیر پولنگ اسٹیشن میں داخل کی اجازت نہیں ہے۔ پولنگ اسٹیشن کے 100 فٹ کے قریب امیدوار یا پارٹی کیمپ لگانے پر بھی پابندی ہے، جب کہ کسی بھی شکایت کے لئے صوبائی الیکشن کمشنر آفس میں کمپلین سیل بھی قائم کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے الیکشن میں دھاندلی کرنے پر عرفان اللہ مروت کو نااہل قرار دے دیا تھا، جس کے باعث پی ایس 114 میں ان کی خالی ہونے والی نشست پر ضمنی الیکشن کرایا جارہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 652017
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش