QR CodeQR Code

بلاول بھٹو کی کراچی اور ہنزہ نگر میں ضمنی انتخابات میں کامیاب امیدواروں کو مبارکباد

9 Jul 2017 23:53

اپنے بیان میں پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے کہا کہ کراچی سے گلگت بلتستان تک پی پی امیدواروں کی کامیابی ایک تبدیلی ہے، جس کی پاکستانی عوام خواہاں تھی، کراچی و گلگت بلتستان میں ہونے والے ضمنی انتخابات درحقیقت پورے ملک کی امنگوں کے آئینہ دار ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پی ایس 114 کراچی سے پارٹی کے امیدوار سینیٹر سعید غنی اور گلگت بلتستان کے علاقے ہنزہ نگر میں قانون ساز اسمبلی کے حلقہ 4 سے جاوید حسین کو ضمنی انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ اپنے بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ کراچی کا حلقہ پی ایس 114 مِنی پاکستان ہے، جہاں ملک کے تمام صوبوں، آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا سے تعلق رکھنے والے اور مختلف عقائد سے وابستہ لوگ آباد ہیں، آج انہوں نے مِنی پاکستان جیتا ہے، 2018ء کے انتخابات میں، پورا پاکستان جیتیں گے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سے گلگت بلتستان تک پی پی پی امیدواران کی کامیابی ایک تبدیلی ہے، جس کی پاکستانی عوام خواہاں تھی۔ انہوں نے مزید کہا کہ کراچی و گلگت بلتستان میں ہونے والے ضمنی انتخابات درحقیقت پورے ملک کی امنگوں کے آئینہ دار ہیں۔

بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ یہ بھٹو ازم کی قوت ہے، جس کے باعث ایک مزدور رہنماء کے بیٹے نے ان سرمایہ داروں کو شکست فاش سے دوچار کیا، جنہیں عوام کے علاوہ ہر جانب سے حمایت میسر تھی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی پاکستان کی زنجیر ہے اور جو اس زنجیر کو توڑنے کا خواب دیکھتے ہیں، خود ہی ٹوٹ پھوٹ جائیں گے۔ پی پی پی چیئرمین نے پی ایس 114 اور جی بی ایل اے 4 ھنزہ نگر کے جیالوں اور ووٹرز کو سلام پیش کیا اور ان کی کاوشوں پر اظہار تشکر ادا کیا، جن کے باعث سعید غنی اور جاوید حسین کو فیصلہ کن کامیابی ملی۔ انہوں نے کہا کہ پی پی پی، عوام اور پاکستان ایک ہی سچائی کے تین نام ہیں۔


خبر کا کوڈ: 652105

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/652105/بلاول-بھٹو-کی-کراچی-اور-ہنزہ-نگر-میں-ضمنی-انتخابات-کامیاب-امیدواروں-کو-مبارکباد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org