QR CodeQR Code

ضرورت پڑی تو کراچی میں فوج طلب کرلیں گے،ڈرون حملوں سے دہشت گردوں کو فائدہ ہوتا ہے، رحمان ملک

14 Apr 2011 12:10

اسلام ٹائمز:وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسمبلیاں ڈرون حملوں کی مذمت اور اسے روکنے کا مطالبہ کرچکی ہیں۔ ڈرون حملوں سے دہشت گردوں کو فائدہ ہوتا ہے اس لیے امریکا ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان کی عوام کی آواز سنے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے


کراچی:اسلام ٹائمز۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے کہ ضرورت پڑی تو کراچی میں فوج طلب کرلی جائے گی، ذوالفقار مرزا اب بھی وزیر ہیں وہ صرف چھٹیوں پر گئے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت میں رحمان ملک نے کہا کہ ذوالفقار مرزا نے پیپلز پارٹی کے لیے لازوال خدمات انجام دی ہیں۔ انہیں وہ تمام مراعات اور سہولتیں حاصل ہیں جو ایک وزیر کے پاس ہوتی ہیں۔ رحمان ملک کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر اجلاس طلب کیا ہے۔ مسلم لیگ فنکشنل اور اے این پی کو جلد منا لیا جائے گا اور شاہی سید سے ملاقات میں عوامی نیشنل پارٹی کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت سے برابری کی سطح پر مذاکرات کیے، مستقبل میں بھی ایسا ہی ہوگا۔ دونوں ملکوں کی خفیہ ایجنسیاں جانتی ہیں کہ امن میں ہی سب کی بھلائی ہے۔ 
اس سے پہلے پارلیمنٹ ہاوٴس کے باہر میڈیا سے بات چیت میں رحمان ملک نے کہا کہ آئی ایس آئی انتہائی باصلاحیت ایجنسی ہے اور اس کے سربراہ احمد شجاع پاشا ایک قابل افسر ہیں۔ پاکستان امریکا کے درمیان تعلقات کے حوالے سے غیرملکی میڈیا کی رپورٹس پر قطعاً اعتماد نہ کیا جائے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کی اسمبلیاں ڈرون حملوں کی مذمت اور اسے روکنے کا مطالبہ کرچکی ہیں۔ ڈرون حملوں سے دہشت گردوں کو فائدہ ہوتا ہے اس لیے امریکا ڈرون حملوں کے خلاف پاکستان کی عوام کی آواز سنے۔ وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا کہ پاک فوج دہشتگردی سے نمٹنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ امریکا سے تعلقات خراب نہیں ہوئے۔ جلد ہی اسٹریٹجک ڈائیلاگ شروع ہوں گے۔ اس سلسلے میں قیاس آرائیاں نہ کی جائیں۔




خبر کا کوڈ: 65225

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/65225/ضرورت-پڑی-کراچی-میں-فوج-طلب-کرلیں-گے-ڈرون-حملوں-سے-دہشت-گردوں-کو-فائدہ-ہوتا-ہے-رحمان-ملک

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org