QR CodeQR Code

پی ایس 114 میں سعید غنی کی جیت، امید ہے سعید غنی حلقہ کے عوام کو فراموش نہیں کرینگے، ایم ڈبلیو ایم

10 Jul 2017 19:04

ایک بیان میں رہنماؤں نے کہا کہ شہر کراچی کی ترقی کیلئے مجلس وحدت مسلمین ہر اس جماعت کے ساتھ تعاون کریگی کہ جو اس شہر کے حقوق کی بحالی، دہشتگردی اور بھتہ مافیا سمیت دیگر جرائم کیخلاف واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے عملی جدوجہد کریگی، ہمارا منشور عوامی خدمت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ایس 114 میں ایم ڈبلیو ایم کے حمایت یافتہ امیدوار سعید غنی کی کامیابی حلقہ کی عوام کیلئے نیک شگون ہے، امید کرتے ہیں کہ سعید غنی جیت کے بعد حلقہ کی عوام کو فراموش نہیں کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی، کراچی کے سیکرٹری جنرل میثم عابدی، ڈویژنل رہنما علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری، میر تقی ظفر و دیگر نے سینیٹر سعید غنی کو جیت کے بعد مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔ ایک بیان میں رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ایس 114 کا حلقہ وہ حلقہ ہے کہ جہاں تیس سال سے منتخب ہونے والے اسمبلی اراکین نے کوئی ترقیاتی کام نہیں کروایا، یہاں کی سڑکیں ٹوتی پھوٹی اور عوام زبوں حالی کا شکار ہے، سینیٹر سعید غنی بھی پی ایس 114 کے علاقے محمودآباد کے رہائشی ہونے کے ناطے حلقہ کے عوام کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ وہ انتخابی مہم کی طرح عوام کے درمیان رہتے ہوئے حقوق سے محروم عوام کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کریں گے۔ رہنماؤں نے مزید کہا کہ شہر کراچی کی ترقی کیلئے مجلس وحدت مسلمین ہر اس جماعت کے ساتھ تعاون کرے گی کہ جو اس شہر کے حقوق کی بحالی، دہشت گردی اور بھتہ مافیا سمیت دیگر جرائم کے خلاف واضح مؤقف اختیار کرتے ہوئے عملی جدوجہد کرے گی، ہمارا منشور عوامی خدمت ہے۔


خبر کا کوڈ: 652301

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/652301/پی-ایس-114-میں-سعید-غنی-کی-جیت-امید-ہے-حلقہ-کے-عوام-کو-فراموش-نہیں-کرینگے-ایم-ڈبلیو

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org