0
Tuesday 11 Jul 2017 10:35

دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نواب ثناء اللہ زہری

دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے، نواب ثناء اللہ زہری
اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ پولیس لائن میں بلوچستان کے علاقے چمن میں خودکش حملے کے نتیجے میں شہید ہونے والے پولیس آفیسر ڈی پی او ساجد خان مہمند کی نماز جنازہ ادا کی گئی۔ اس موقع پر وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری، آئی جی پولیس احسن محبوب، آئی جی ایف سی میجر جنرل ندیم احمد انجم سمیت دیگر اعلٰی افسران نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیراعلٰی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے چمن میں ہونے والے خودکش بم دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں ایس ایس پی قلعہ عبداللہ ساجد خان مہمند کے شہید اور دیگر افراد کے زخمی ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کیا ہے، جبکہ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ دہشتگردی کی اس قسم کی بزدلانہ کارروائیوں سے حکومت اور سکیورٹی اداروں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ ہم کل بھی دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے پرُعزم تھے، آج بھی پرُعزم ہیں۔ ہم دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ دہشتگردوں نے ایک نڈر اور جرأت مند پولیس آفیسر کو دہشت گردی کا نشانہ بناکر ہمیں نقصان پہنچایا۔ تاہم واقعہ میں ملوث عناصر کو ہرگز معاف نہیں کیا جائے گا اور انہیں کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے دہشتگردی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے شہید پولیس آفیسر کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے شہید کے خاندان سے تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 652471
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش