QR CodeQR Code

جے آئی ٹی کا فیصلہ حق و انصاف کی فتح ہے، وزیراعظم فوری مستعفی ہوں، علامہ احمد اقبال رضوی

12 Jul 2017 18:40

ایم ڈبلیو ایم سندھ و کراچی ڈویژن کی کابینہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ حکمرانوں کے تمام اثاثے ضبط کرکے انکے خلاف سنگین بدعنوانی اور قومی معاملات میں بددیانتی سمیت دیگر جرائم کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا ہے کہ جے آئی ٹی رپورٹ نے حکمرانوں کی ’’نیک نامی‘‘ کا پردہ چاک کر دیا ہے، رپورٹ آنے کے بعد اعلٰی عدلیہ پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، حکومت کا دفاع کرنے والے وزراء کا حال ’’کھیسانی بلی کھمبا نوچے‘‘ والا ہے، جے آئی ٹی رپورٹ کو ردی قرار دے کر مسترد کیا جانا سپریم کورٹ کی توہین اور بادشاہوں جیسا متکبرانہ طرز عمل ہے، اس رعونت اور بدعنوانی کے خلاف پورے ملک کی عوام کو حکومت کے خلاف احتجاج کرنا چاہیے، یہ ثابت ہوچکا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف صادق و امین نہیں ہیں، اس لئے انہیں اب فورا مستعفی ہو جانا چاہیے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی زیر صدارت ایم ڈبلیو ایم سندھ و کراچی ڈویژن کی کابینہ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں صوبائی سیکرٹری جنرل علامہ مقصود علی ڈومکی، ڈویژنل سیکرٹری جنرل سید میثم رضا عابدی، علامہ دوست علی سعیدی، علی حسین نقوی، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور و دیگر موجود تھے۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ قومی خزانے کی لوٹ مار ناقابل معافی جرم ہے، قوم ایک ایک پائی کا حساب چاہتی ہے۔

علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ جے آئی ٹی کی طرف سے وفاقی وزیر خزانہ اسحق ڈار کے اثاثوں میں غیر معمولی اضافے کے انکشاف پر پوری قوم اضطرابی کیفیت میں ہے، قومی خزانے کی باگ ڈور خیانت کار ہاتھوں میں تھما کر وزیراعظم بدترین بدیانتی کے مرتکب ہوئے ہیں، اب عوام کے فیصلے کا وقت آچکا ہے، قوم کی لوٹی ہوئی دولت واپس لائی جائے، حکمرانوں کو اپنے کئے کی عوام سے معافی مانگنی چاہیے، عوام کے ووٹوں سے منتخب ہونے والے نمائندوں کی کرپشن ثابت ہونے کے بعد بھی مسلسل ہٹ دھرمی شرمناک ہے، مہذب ممالک میں معمولی بدعنوانی کا الزام لگنے پر بھی ارباب اختیار فورا مستعفی ہو جاتے ہیں، جبکہ ہمارے ہاں صورتحال اس کے برعکس ہے، جے آئی ٹی کی تشکیل کے بعد نواز حکومت کی طرف سے اعتماد کا اظہار کیا گیا اور مٹھائیاں تقسیم کی گئیں، اب اپنی منشاء کے مطابق فیصلہ نہ دیکھ کر نون لیگ سٹپٹا رہی ہے اور اعلٰی عدلیہ اور جے آئی ٹی کو متنازع اور جانبدار ثابت کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جے آئی ٹی کا فیصلہ حق و انصاف کی فتح ہے، عوام بدعنوان عناصر کو انصاف کے کٹہرے میں دیکھنا چاہتی ہے، جب تک کرپٹ عناصر سے لوٹا ہوا سرمایہ واپس لے کر اس بدعنوانی کی سخت سزائیں نہیں دی جاتیں، تب تک بدعنوان عناصر کے حوصلے بلند ہوتے رہیں گے۔

مرکزی رہنماء کا کہنا تھا کہ حکمرانوں کے تمام اثاثے ضبط کرکے ان کے خلاف سنگین بدعنوانی اور قومی معاملات میں بددیانتی سمیت دیگر جرائم کے تحت مقدمات درج کئے جائیں۔ علامہ احمد اقبال رضوی نے کہا کہ اس ملک کو دہشتگردی، بدعنوانی اور بدامنی کی آگ میں جھونکنے والے ہمارے حکمران ہے، جنہوں نے ملک دشمنوں کی خوشنودی حاصل کرنے کیلئے ارض پاک کے استحکام، سالمیت اور بقاء کو تباہی کے دہانے پر پہنچا دیا ہے، کالعدم دہشتگرد جماعتوں کو موجودہ نواز حکومت کی پشت پناہی حاصل رہی، جس کے باعث نیشنل ایکشن پلان سے مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کئے جا سکے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکمرانوں کا اصل چہرہ عوام کے سامنے واضح ہوگیا ہے، وطن عزیز کے باشعور اور محب وطن باسی ان حکمرانوں سے بدظن ہوچکے ہیں، پاکستان کی سیاست میں اب شریف خاندان کی کوئی گنجائش باقی نہیں رہی۔


خبر کا کوڈ: 652930

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/652930/جے-آئی-ٹی-کا-فیصلہ-حق-انصاف-کی-فتح-ہے-وزیراعظم-فوری-مستعفی-ہوں-علامہ-احمد-اقبال-رضوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org