0
Thursday 13 Jul 2017 10:12

سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر کے تمام پہلو عوام پر واضح ہونے چاہیں، محمد خان اچکزئی

سی پیک کے مغربی روٹ کی تعمیر کے تمام پہلو عوام پر واضح ہونے چاہیں، محمد خان اچکزئی
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان محمد خان اچکزئی نے کہا ہے کہ چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے مغربی روٹ کی تعمیر کے تمام پہلوؤں عوام پر واضح ہونے چاہئیں۔ اس کے مختلف مراحل مقررہ وقت پر مکمل ہونے چاہیئے اور اس پر جاری کام کی رفتار کو تیز کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر میں بین الاقوامی معیار کو برقرار رکھنے پر بھرپور توجہ دی جائے، کیونکہ اس سے ہماری آنے والی نسلوں کے مفادات وابستہ ہیں۔ بریفنگ میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے انجینئر یوسف بارکزئی نے منصوبوں پر عملدرآمد کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے گورنر بلوچستان کو مغربی روٹ ڈی آئی خان، کوئٹہ تا سہراب سیکشن پر کام کی صورتحال، مختص کردہ فنڈز اور آئندہ کے پروگرام سے بھی آگاہ کیا۔ اس موقع پر چیف سیکرٹری بلوچستان اورنگزیب حق، ایم بی آر محمد اسلم، سیکرٹری فنانس اکبر حسین درانی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو اشرف اللہ کاکڑ، ٹیکنیکل ایڈوائزر سی اینڈ ڈبلیو جبار کاسی، چیف اکانومسٹ غوث بخش مری اور پرنسپل سیکرٹری ٹو گورنر سجاد احمد بھٹہ بھی موجود تھے۔ گورنر بلوچستان نے سی پیک اور خاص طور سے مغربی روٹ کی اہمیت بیان کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان اور اس کے ساحلی علاقے اور اہم محل وقوع کی وجہ سے اس علاقہ پر دنیا کی بڑھتی ہوئے توجہ نے ہمارے لئے بہترین مواقع پیدا کئے ہیں۔ سی پیک پر عملدرآمد ان مواقعوں سے فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنا اور اپنی آنے والی نسلوں کا مستقبل سنوارنے کا بہتری ذریعہ ہے۔

انہوں نے خاص طور پر مغربی روٹ کے حوالے سے کہا کہ کاشغر سے گوادر تک آنے والی شاہراہ ایک جانب خیبر پختونخوا اور بلوچستان کو مربوط کرے گی تو دوسری جانب اس سڑک کے ذریعے دنیا کے بہترین مواقع سے بھرپور سینٹرل ایشیا سے ہمارا فعال اور متحرک رابطہ استوار ہو جائے گا۔ بریفنگ کے دوران کچلاک اور ژوب بائی پاس کے حوالے سے گورنر نے کہا کہ ان شاہراہوں کی تعمیر میں پہلے ہی بہت تاخیر ہوچکی ہے۔ لہٰذا اس پر کام کی رفتار کو فوری طور پر تیز کرنے کی ضرورت ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تعمیراتی معیار کو ہر صورت برقرار رکھا جائے۔ انہوں نے نئی سڑکوں کی تعمیر کے ساتھ ساتھ ٹریفک قوانین پر عملدرآمد اور انسانی جان و مال کی سکیورٹی کو یقینی بنانے کی ضرورت پر زور دیا۔ گورنر نے مغربی روٹ سے متعلق مختلف منصوبوں کے لئے حاصل کرنے والی زمینوں کے معاوضے کی جلد از جلد ادائیگی کو یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔
خبر کا کوڈ : 652994
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش