QR CodeQR Code

قطر سے کشیدگی کا خاتمہ، امریکی وزیر خارجہ کی شاہ سلمان اور کویتی امیر کیساتھ ملاقاتیں

13 Jul 2017 00:35

سعودی عرب پہنچنے کے بعد ریکس ٹلرسن نے پہلے شاہ سلمان سے ملاقات کی اور پھر چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ سے مذاکرات کئے۔ امریکی سیکرٹری خارجہ ممکنہ طور پر قطر مخالف بلاک پر کچھ مطالبات سے پیچھے ہٹنے کیلئے زور ڈالیں گے۔ قطر کی دہشتگردی کیخلاف کی جانیوالی کوششوں کو سہارا دینے کیلئے گذشتہ روز امریکہ اور خلیجی ملک نے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔


اسلام ٹائمز۔ ریکس ٹلرسن نے قطر اور بعض عرب ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کے طور پر سعودی عرب کے بادشاہ شاہ سلمان اور قطر کے خلاف متحد دیگر ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں کیں۔ اے پی کے مطابق اپنے سفر سے قبل گذشتہ روز ٹلرسن قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی، کویتی امیر سے بھی ملے۔ امریکی وزیر خارجہ ممکنہ طور پر قطر مخالف بلاک پر کچھ مطالبات سے پیچھے ہٹنے کیلئے زور ڈالیں گے۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ پڑوسی ریاستوں کے خلاف دھمکیاں، دباو اور بائیکاٹ غلط پالیسی ہے، عمانی وزیر خارجہ سے ملاقات کے موقع پر عرب ممالک کی جانب سے قطر کے بائیکاٹ کی مذمت کرتے ہوئے ڈاکٹر حسن روحانی کا کہنا تھا کہ پڑوسی ممالک پر دباو ڈالنے کا یہ طریقہ کار غلط ہے۔ انہوں نے کہا کہ فریقین کو کشیدگی جلد ختم کرنے کی کوشش کرنی چاہئے۔ سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک کے ردعمل میں کہا قطر کا امریکہ سے انسداد دہشتگردی معاہدہ کافی نہیں، مزید اقدامات کئے جائیں، بائیکاٹ جاری رہے گا، مطالبات پر جامع انداز میں عمل کرنا ہوگا۔ عرب ٹی وی کے مطابق وعدے کے باوجود قطر اخوان المسلمون کو فنڈنگ کر رہا ہے۔

دیگر ذرائع کے مطابق امریکی سیکرٹری خارجہ ریکس ٹِلرسن نے قطر اور عرب ممالک کے درمیان کشیدگی کے خاتمے کی کوششوں کے طور پر سعودی عرب کے بادشاہ اور خلیجی ملک کے خلاف متحد دیگر ممالک کے حکام سے ملاقاتیں کیں۔ دیگر خلیجی ممالک کے ساتھ پیدا ہونے والی کشیدگی نے توانائی سے مالا مال ملک قطر کو خطے میں تنہا کر دیا ہے۔ امریکی خبر رساں ایجنسی "اے پی" کے مطابق کویت سے مشرقی سعودی شہر جدہ کی طرف اپنے سفر سے قبل گذشتہ روز ریکس ٹلرسن نے قطر کے امیر شیخ تمیم بن حماد الثانی سے ملاقات کی۔ امریکی سیکرٹری خارجہ نے اپنے دورے کے دوران تنازع کے خاتمے کے لئے ثالث کا کردار ادا کرنے والے کویتی امیر سے بھی ملاقات کی تھی۔ سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، مصر اور بحرین نے جون کے اوائل میں قطر سے ہر طرح کے تعلقات اور روابط منقطع کر دیئے تھے۔ ان ممالک کی جانب سے قطر پر دہشت گرد گروپوں کی مدد کا الزام عائد کیا گیا تھا، جس کی خلیجی ملک نے تردید کی تھی۔

سعودی عرب پہنچنے کے بعد ریکس ٹلرسن نے پہلے شاہ سلمان سے ملاقات کی اور پھر چاروں ممالک کے وزرائے خارجہ سے مذاکرات کئے۔ امریکی سیکرٹری خارجہ ممکنہ طور پر قطر مخالف بلاک پر کچھ مطالبات سے پیچھے ہٹنے کے لئے زور ڈالیں گے۔ قطر کی دہشت گردی کے خلاف کی جانے والی کوششوں کو سہارا دینے کے لئے گذشتہ روز امریکہ اور خلیجی ملک نے ایک معاہدے پر دستخط کئے تھے۔ یہ معاہدہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنی قابلیت ثابت کرنے کے لئے قطر کی جانب مستقبل میں کی جانے والی کوششوں اور دہشت گردی کے لئے فنڈنگ کے حوالے سے مسائل سے متعلق ہے۔ سعودی عرب، بحرین، متحدہ عرب امارات اور مصر نے قطر کو سفارتی و تجارتی تعلقات کی بحالی کے لئے قطری نشریاتی ادارے "الجزیرہ" کی بندش سمیت 13 مطالبات پیش کئے تھے، تاہم قطر کی جانب سے ان مطالبات کو نامناسب اور ناقابل عمل قرار دیتے ہوئے مسترد کیا گیا۔


خبر کا کوڈ: 652999

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/652999/قطر-سے-کشیدگی-کا-خاتمہ-امریکی-وزیر-خارجہ-کی-شاہ-سلمان-اور-کویتی-امیر-کیساتھ-ملاقاتیں

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org