0
Thursday 13 Jul 2017 01:49

یورپی یونین نے ہمارا وقت ضائع کیا، یہ یونین ہمارے لئے ناگزیر ہے نہ ہی ترک عوام اس میں شمولیت چاہتے ہیں، رجب طیب اردگان

یورپی یونین نے ہمارا وقت ضائع کیا، یہ یونین ہمارے لئے ناگزیر ہے نہ ہی ترک عوام اس میں شمولیت چاہتے ہیں، رجب طیب اردگان
اسلام ٹائمز۔ ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے یورپی یونین پر وقت ضائع کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر تنظیم یہ کہے کہ وہ ترکی کو ایک رکن کے طور پر قبول نہیں کر سکتی تو یہ انقرہ کے لئے باعث اطمینان ہوگا۔ برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کے پروگرام "ہارڈ ٹاک" میں گفتگو کرتے ہوئے طیب اردگان کا کہنا تھا کہ ترکی اپنے پاؤں پر کھڑا ہونے کے قابل ہے۔ انہوں نے اس بات کی تردید کی کہ ترکی میں 150 صحافیوں کو جیل میں رکھا گیا، ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ پریس کارڈ رکھنے والے صرف 2 افراد جیل میں ہیں۔ طیب اردگان کا دعویٰ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب ترکی نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مقامی ڈائریکٹر اور 9 دیگر افراد کی حراست میں توسیع کی ہے۔ اس تشویش نے ترکی کی یورپی یونین کی رکنیت حاصل کرنے کی کوشش کو خراب کیا، تاہم رجب طیب اردگان نے یورپی یونین پر ترکی کا وقت ضائع کرنے کا الزام عائد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر یورپی یونین دو ٹوک الفاظ میں کہتی ہے کہ وہ ترکی کو تنظیم میں قبول کرنے کے قابل نہیں ہے تو یہ ہمارے لئے اطمینان کا باعث ہے، اس کے بعد ہم اپنے پلان بی اور سی کا آغاز کریں گے۔ طیب اردگان نے کہا کہ یورپی یونین ہمارے لئے ناگزیر نہیں ہے، ہم پرسکون ہیں۔ ساتھ ہی ان کا کہنا تھا کہ ترک عوام کی اکثریت اب یورپی یونین میں شمولیت نہیں چاہتی اور انہیں یقین ہے کہ یورپی یونین کی ترکی کے حوالے سے سوچ مخلص نہیں ہے۔
خبر کا کوڈ : 653009
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش