0
Thursday 13 Jul 2017 20:18

بھارت خوفزدہ ہے کہ نواز شریف کے ہٹنے سے فوج مضبوط ہو جائیگی، عمران خان

بھارت خوفزدہ ہے کہ نواز شریف کے ہٹنے سے فوج مضبوط ہو جائیگی، عمران خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ عہدے پر رہنے کا اخلاقی جواز ختم ہونے پر استعفٰی دینا پڑتا ہے، جبکہ دنیا بھر میں وزیراعظم جھوٹ بولنے پر استعفٰی دے دیتے ہیں۔ پشاور میں وزیراعلٰی خیبر پختونخوا اور دیگر وزراء کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے ہاں رائج جمہوری حکومتیں صرف اگلے الیکشن کا سوچتی ہیں، جبکہ الیکشن سے سب کچھ ایک دم سے ٹھیک نہیں ہو گا اور نہ ہی کوئی بڑی تبدیلی آئے گی۔ اس موقع پر عمران خان نے حال ہی میں جاوید ہاشمی کی جانب سے کی جانے والی پریس کانفرنس کے ردعمل میں کہا ہے کہ ان کی پریس کانفرنس میں بس اتنی صداقت تھی کہ رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ خیال رہے کہ سینیئر سیاستدان جاوید ہاشمی نے 12 جولائی کو ملتان میں ایک ہنگامہ خیز پریس کانفرنس کرتے ہوئے فوجی جرنیلوں، ججز اور سیاستدانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا تھا کہ آج کے زمانے میں کوئی بھی صادق و امین نہیں۔ جاوید ہاشمی نے یہ پریس کانفرنس ایک ایسے موقع پر کی، جب پانامہ لیکس اسکینڈل کیس کی تحقیقات کرنے والی مشترکہ تحقیقاتی کمیٹی (جے آئی ٹی) نے 2 دن قبل ہی سپریم کورٹ (ایس سی) میں اپنی رپورٹ جمع کرائی تھی۔ جاوید ہاشمی نے پانامہ لیکس اسکینڈل اور جے آئی ٹی رپورٹ کے تناظر میں کہا کہ ملک کے سیاستدانوں سے تو ان کے اثاثوں پر سوالات پوچھے جاتے ہیں، لیکن کیا کوئی ججز اور فوج کے جنرلز سے بھی سوال کرے گا کہ انہوں نے یہ اثاثے کیسے بنائے؟

اسی پریس کانفرنس میں جاوید ہاشمی نے عمران خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دھرنے کے دوران انہوں نے جو کچھ کہا اس پر قائم ہیں، ان کے عمران خان کے ساتھ سیاسی اختلافات ہیں، اگر انہوں نے کچھ غلط کہا ہو تو عمران خان ان کی باتوں کو رد کر دیں۔ جاوید ہاشمی کی اسی پریس کانفرنس کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے زیادہ تفصیل میں جانے کے بجائے ایک ہی جملے پر انحصار کیا۔ انہوں نے مختصراََ کہا کہ جاوید ہاشمی کی پریس کانفرنس میں بس اتنی صداقت تھی کہ رقم بڑھاؤ نواز شریف ہم تمہارے ساتھ ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ جمہوریت میں طاقت کے زور پر نہیں بلکہ اخلاقی قوت سے حکومت کی جاتی ہے، جمہوریت میں ایک جھوٹ پر استعفٰی دیا جاتا ہے، مگر یہاں تو جھوٹ نہیں، جھوٹ کی بارش ہو گئی، مگر پھر بھی کچھ نہیں ہوا، نواز شریف کو جھوٹ بولنے پر استعفٰی دے دینا چاہئیے۔ عمران خان نے بھارتی اخبار ہندوستان ٹائمز میں 13 جولائی کو شائع ہونے والے کسی مضمون کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے آج ہندوستان ٹائمزمیں ایک مضمون پڑھا، جس میں کہا گیا کہ بھارت کو ڈر ہے کہ کہیں نواز شریف گھر نہ چلے جائیں، اگر یہ چلے گئے تو فوج ہندوستان سے تگڑی ہو جائے گی۔

تحریک انصاف سربراہ نے کہا کہ بھارتی حکومت کو یہ فکر نہیں کہ پاکستان میں اربوں روپے کی کرپشن ہو رہی ہے یا نہیں، انہیں تو بس یہ فکر ہے کہ ان کا اتحادی نہ چلا جائے۔ عمران خان نے پریس کانفرنس میں مزید سیاسی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کی صوبائی حکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی بار صحت اصلاحات نافذ کیں۔ عمران خان نے تسلیم کیا کہ سب کچھ ایک دم ٹھیک نہیں ہو سکتا، لوگوں کو تعلیم، صحت اور انصاف کے بہتر نظام کی ضرورت ہے۔ پی ٹی آئی سربراہ کا کہنا تھا کہ کے پی کے میں ہسپتالوں کو سولر سسٹم پر چلانے کا منصوبہ بنایا جا رہا ہے، جب کہ صوبائی حکومت نے صوبے میں ہیلتھ کارڈ کے اجراء کےلئے 70 کروڑ روپے خرچ کئے اور ملک میں سب سے زیادہ تنخواہیں خیبر پختونخوا کے ڈاکٹرز کو مل رہی ہیں۔ احتجاجی ڈاکٹروں یا اصلاحات میں آنے والی رکاوٹوں پر ان کا کہنا تھا کہ ہسپتالوں کی پرانی عادتیں تبدیل کرنا ایک عذاب ہے، صوبائی حکومت اصلاحات لاتی ہے، جبکہ احتجاجی عناصر عدالت سے اسٹے آرڈر لے لیتے ہیں۔ عمران خان نے دعویٰ کیا کہ کے پی کے میں ضلعی سطح پر ہسپتالوں میں 95 فیصد ڈاکٹرز تعینات ہیں۔
خبر کا کوڈ : 653137
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش