0
Friday 14 Jul 2017 22:17

نواز شریف احتساب کے عمل کی تکمیل تک وزارت عظمیٰ چھوڑ دیں، لیاقت بلوچ

نواز شریف احتساب کے عمل کی تکمیل تک وزارت عظمیٰ چھوڑ دیں، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے منصورہ لاہور میں اعلیٰ سطح کے مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کی ترجیح ذاتی خاندانی مفادات اور عدالتی فیصلے کیخلاف عوام کو بھڑکانا ہے، یہ کھیل مسلم لیگ ن، جمہوریت اور قومی سلامتی کیلئے خطرناک ہے، وفاقی کابینہ اور حکمران جماعت کی حکمت عملی اصول، قانون، اخلاقیات سے بالاتر سینہ زوری پر مبنی ہے۔ لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی رپورٹ اور سپریم کورٹ میں احتساب کے عمل کے مرحلہ میں حکمران جماعت سیاست میں مفادات کا گند گھول دینا چاہتی ہے، جمہوری قوتوں کو مشترکہ موقف ہے کہ وزیراعظم نواز شریف احتساب کے عمل کی تکمیل تک وزارت عظمیٰ چھوڑ دیں اور آئین کے مطابق اکثریتی پارٹی نیا لیڈر آف ہاﺅس کا انتخاب کرے، مخصوص نشستوں کے ممبران اسمبلی وزیراعظم نہیں بن سکتے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات کیلئے اصلاحات پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے، نئے انتخابات صرف وزیراعظم قومی اسمبلی توڑ دیں تو ہو سکتے ہیں لیکن افراتفری میں انتخابات کسی کے حق میں نہیں ہوں گے، اگر قومی اسمبلی، سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا کی اکثریتی پارٹیاں اتفاق رائے سے نئے انتخابات کیلئے اسمبلیاں توڑنے دیں تو نئے انتخابات کا خیر مقدم کریں گے۔ انہوں نے کہا ملک میں افراتفری پیدا کرکے احتساب کا عمل نہیں رکنا چاہیے، ملک و ملت کو ذلت، غربت، بیروزگاری، لاقانونیت دینے والے تمام کرپٹ عناصر کا اب احتساب ہو، احتساب کا عمل منطقی انجام تک پہنچایا جائے۔ دوسری طرف لیاقت بلوچ نے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماﺅں صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر، میاں منظور وٹو، علامہ سید ساجد علی نقوی، انجینئر ابتسام الٰہی ظہیر اور دیگر رہنماﺅں سے رابطے کیے اور اتفاق ہوا کہ تمام اپوزیشن اور دینی جماعتیں ملک کو بحران سے نکالنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل پر اتفاق کریں گی۔
خبر کا کوڈ : 653369
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش