QR CodeQR Code

ڈرون حملے پاک امریکا تعلقات میں کشیدگی کا باعث ہیں، پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، دفتر خارجہ

14 Apr 2011 19:24

اسلام ٹائمز:پاک چین دوستی پر بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے تحفظات پر ترجمان نے کہا کہ پاک چین دوستی کسی ملک کیلئے خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ تعلقات خطے میں امن کے فروغ کیلئے ہیں


اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔ ترجمان دفتر خارجہ تہمینہ جنجوعہ نے کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان دہشت گردی سے نمٹنے کا مکینزم موجود ہے۔ دونوں ممالک اس مکینزم کے ذریعے دہشت گردی پر بات کر سکتے ہیں۔ دفتر خارجہ کی ترجمان نے چلی میں عبدالرؤف نامی پاکستانی شہری کی گرفتاری پر بھارتی میڈیا کی جانب سے اسے مولانا مسعود اظہر کا ساتھی قرار دیے جانے کے سوال پر کہا کہ ایسے ایشوز پر کھلے عام بات نہیں کی جاتی۔ دونوں ملکوں میں سیکریٹریز داخلہ کی سطح کا میکنزم موجود ہے اور ایسے مسائل پر وہاں بات چیت کی جاسکتی ہے۔ پاک چین دوستی پر بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا کے تحفظات پر ترجمان نے کہا کہ پاک چین دوستی کسی ملک کیلئے خطرہ نہیں ہونا چاہیے۔ یہ تعلقات خطے میں امن کے فروغ کیلئے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستانی سفارتخانے کے اسسٹنٹ قونصلر پر حملے کا معاملہ نیپال حکومت کے ساتھ باضابطہ طور پر اٹھایا ہے۔ ترجمان نے بتایا کہ سیکریٹری خارجہ سلمان بشیر اکیس اور بائیس اپریل کو واشنگٹن میں امریکی حکام کے ساتھ مذاکرات کریں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ڈرون حملے دو طرفہ تعلقات میں اشتعال انگیزی کا باعث ہیں، پاکستان نے ہمیشہ ان کی مخالفت کی ہے۔ پاکستان اور ایران کے درمیان اچھے تعلقات ہیں اور ایران کی طرف سے بحرین میں پاکستانیوں کو سیکورٹی کیلئے بھرتی کرنے پر ایرانی احتجاج کا علم نہیں۔ ترجمان نے بتایا کہ وزیراعظم یوسف رضا گیلانی سولہ اپریل کو کابل کا ایک روزہ دورہ کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 65348

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/65348/ڈرون-حملے-پاک-امریکا-تعلقات-میں-کشیدگی-کا-باعث-ہیں-پاکستان-اور-ایران-کے-درمیان-اچھے-دفتر-خارجہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org