0
Saturday 15 Jul 2017 22:13

شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لہو کی بدولت آج ظالم حکمرانوں کا بوری بستر گول ہونیوالا ہے، لیاقت بلوچ

شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لہو کی بدولت آج ظالم حکمرانوں کا بوری بستر گول ہونیوالا ہے، لیاقت بلوچ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے ناصر باغ لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے شہداء کے بہادر لواحقین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، نہ بکنے والے عظیم کارکنوں تمھاری عظمت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شہدائے ماڈل ٹاؤن کے لہو کی بدولت آج ظالم حکمرانوں کا بوری بستر گول ہونیوالا ہے، ظالم زیادہ دیر اقتدار میں نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری پاکستان کا پرچم لہراتے ہیں، شہداء کی میتوں کو پاکستان کے پرچم میں لپیٹ کر تدفین کرتے ہیں، بھارت ہمارا پانی بند کرکے زمینوں کو بنجر کرنا چاہتا ہے، بھارت افغانستان کی زمین کو استعمال کرکے دہشتگردی کا نیٹ ورک چلاتا ہے، میاں نواز شریف مودی سے یاری لگاتے ہیں، یہ یاری نواز شریف کو بہت مہنگی پڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے قاتل سے ہمارے حکمرانوں کی دوستی سوالیہ نشان ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاناما پر بننے والی جے آئی ٹی نے ثابت کردیا ہے کہ نواز شریف صادق اور امین نہیں ہیں، اب سپریم کورٹ بہت جلد فیصلہ بھی سنا دے گی۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں میں استعفیٰ نہیں دوں، اور میدان میں نکلوں گا، ہم پوچھتے ہیں، آپ یہ بات کرکے کیا پیغام دینا چاہتے ہیں، آپ بطور وزیراعظم اپنی ذمہ داری پوری کرنے کی بجائے مزاحمت کا راستہ اختیار کرکے سیاسی شہید بننا چاہتے ہیں، آپ عدالت کا راستہ روک کر کرپشن کو فروغ دینا چاہتے ہیں، آپ احتساب کے قدم روکنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کرپٹ مافیا نواز شریف کا دست و بازو ہوگا، مگر ہم بتائے دیتے ہیں یہ راستہ بہت خطرناک ہے، پاکستان کی جہموری قوتیں اب اجازت نہیں دیں گی کہ آئین کو پامال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں میں اتفاق پیدا نہیں ہوگا مگر تمام جماعتیں وزیراعظم کے استعفے پر متفق ہیں، ہم چوراہوں، اور سڑکوں پر نکلیں گے اور استعفیٰ لے کر ہی جائیں گے، ہم دیکھیں گے ہم سے ہمارا جمہوری حق کون چھینتا ہے، ہم سب کا احتساب چاہتے ہیں، ہم آئین اور آزاد عدلیہ کی حفاظت چاہتے ہیں، ہم کسی شب خون کے حق میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کہتے ہیں میرے خلاف سازش ہو رہی ہے، لیکن ہم واضح کر دیں کہ یہ سازش باہر سے نہیں اندر سے ہو رہی ہے، نواز شریف کے اردگرد موجود لوگوں نے ہی سازش کی ہے۔
خبر کا کوڈ : 653604
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش