QR CodeQR Code

اپنے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے خاموشی سے گھر چلے جانا ہی وزیراعظم کے حق میں بہتر ہے، علی حسین نقوی

16 Jul 2017 14:37

پولیٹیکل کونسل کے اجلاس سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم سندھ کے رہنما نے کہا کہ نواز شریف کا وزارت عظمی سے محض الگ ہونا انصاف کا تقاضہ نہیں بلکہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت کی واپس منتقلی بھی انتہائی ضروری ہے، عوام غربت کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں اور حکمرانوں کا پورا زور اپنی کرپشن کو چھپانے پر لگا ہوا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین صوبائی سندھ کا پولٹیکل کونسل کا اجلاس صوبائی سیکرٹری سیاسیات علی حسین نقوی کی سربراہی میں وحدت ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علی حسین نقوی نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس اقتدار سے الگ ہونے کے علاوہ اور کوئی آپشن موجود نہیں۔ اجلاس میں علامہ نشان حیدر ساجدی، میر تقی ظفر، علامہ مبشر حسن، عالم کربلائی، شفقت لانگا، ندییم جعفری، یعقوب حسینی سمیت دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ علی حسین نقوی نے کہا کہ اپنے وعدے کا پاس رکھتے ہوئے خاموشی سے گھر چلے جانا ہی وزیراعظم کے حق میں بہتر ہے، نواز شریف کے مستعفی ہونے کا نہ صرف اپوزیشن جماعتیں مطالبہ کر رہی ہیں بلکہ مسلم لیگ نون کے اندر بھی یہی آواز اٹھ رہی ہے، اس صورتحال میں بے جا ہٹ دھرمی نواز شریف کی ساکھ کو مزید داغدار کرے گی۔ علی حسین نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام کو کرپٹ اور موروثی سیاست سے نجات ملنے کا مژدہ سنا دیا گیا ہے، نواز شریف کا وزارت عظمی سے محض الگ ہونا انصاف کا تقاضہ نہیں بلکہ عوام کی لوٹی ہوئی دولت کی واپس منتقلی بھی انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک قرضوں میں جکڑا ہوا ہے، عوام غربت کے باعث خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں اور حکمرانوں کا پورا زور اپنی کرپشن کو چھپانے پر لگا ہوا ہے۔


خبر کا کوڈ: 653776

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/653776/اپنے-وعدے-کا-پاس-رکھتے-ہوئے-خاموشی-سے-گھر-چلے-جانا-ہی-وزیراعظم-کے-حق-میں-بہتر-ہے-علی-حسین-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org