0
Sunday 16 Jul 2017 15:18

پشاور، ایلیٹ فورس کے جوان کی پراسرار ہلاکت

پشاور، ایلیٹ فورس کے جوان کی پراسرار  ہلاکت
اسلام ٹائمز۔ تھانہ آغا میر جانی شاہ (یکہ توت) کے علاقے شیخ حیدر بابا قبرستان سے ایلیٹ فورس کے جوان کی پراسرار ہلاکت کا معاملہ گھمبیر صورتحال اختیار کر گیا، جوان نے خودکشی کی یا اسے قتل کیا گیا، پولیس تاحال کسی نتیجے پر نہ پہنچ سکی، تاہم پستول اور جائے وقوعہ سے ملنے والے خول لیبارٹری ارسال کر دیئے گئے ہیں۔ دوسری جانب موبائل تحویل میں لیکر ڈیٹا حاصل کیا جا رہا ہے۔ پولیس کے مطابق گذشتہ روز اطلاع ملی کہ شیخ حیدر بابا قبرستان میں ایک نعش پڑی ہے، جس کی ہلاکت فائرنگ کے باعث ہوئی ہے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعش قبضے میں لیکر پوسٹ مارٹم کیلئے مردہ خانہ منتقل کر دی، بعدازاں نعش کی شناخت رحبت کے نام سے ہوئی، جو ایلیٹ فورس کا سپاہی تھا۔ پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے خول اور پستول تحویل میں لیکر لیبارٹری ٹسٹ کیلئے ارسال کر دیئے گئے ہیں، تاکہ معلوم ہوسکے کیا فائرنگ اسی پستول سے ہوئی ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ جاں بحق اہلکار گھر سے نکلتے وقت اپنے ساتھ 35 ہزار روپے بھی لے گیا تھا۔ دوسری جانب جب نعش ملی تو اس کی گاڑی بھی موجود تھی، جاں بحق اہلکار کچھ عرصہ قبل ایس پی رورل کا گن مین تھا جبکہ اب سنٹرل جیل میں ڈیوٹی انجام دے رہا تھا۔ ادھر رابطہ کرنے پر ایس ایچ او یکہ توت واجد خان نے بتایا کہ مختلف زاویوں پر تفتیش جاری ہے اور اس بات کا تعین کیا جا رہا ہے کہ آیا اہلکار نے خودکشی کی ہے یا اسے قتل کیا گیا ہے، کیونکہ اس کی نعش کے پاس موبائل اور پستول پڑا تھا، جبکہ جیب میں رقم بھی موجود تھی۔ ایس ایچ او کے مطابق آئندہ چند روز میں صورتحال واضح ہو جائے گی۔
خبر کا کوڈ : 653783
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش