QR CodeQR Code

میئر کراچی نے شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی

16 Jul 2017 23:58

ملیر کے مختلف علاقوں کے دورے کے موقع پر وسیم اختر نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ شہر سے کچرا اٹھانے میں بری طرح ناکام ہے اور 70 فیصد کچرا نالوں میں موجود ہے، لیکن حکومت سندھ اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ کراچی کے شہری اذیت ناک زندگی گزار رہے ہیں، تاہم شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی اور بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے نالوں کی صفائی جاری ہے۔ تفصیلات کے مطابق میئر کراچی نے ملیر کے مختلف علاقوں کالا بورڈ، برف خانہ، کھوکھراپار، عرب خاص خیلی ویلیج اورنیشنل ہائی وے کے دورے کے موقع پر شہریوں سے گفتگو کی، اس موقع پر میئر کراچی نے کہا کہ شہر میں رین ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور جن افسران کی ذمہ داری ہے، انھیں میں سختی سے ہدایت کروں گا کہ وہ اپنے دفاتر میں موجود رہیں، اپنے فرائض محنت، لگن اور جذبے سے انجام دیں، تاکہ بارش ہونے کی صورت میں سڑکوں پر پانی کھڑا نہ ہو اور شہریوں کو کم سے کم تکلیف کا سامنا ہو۔ میئر کراچی نے کہا کہ ہم حکومت سندھ سے بار بار درخواست کرکے تھک گئے ہیں کہ کراچی کے سارے علاقوں کی سڑکیں تباہ ہو چکی ہیں، پورے شہر کو سیوریج کے گندے پانی نے اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے، برساتی نالوں میں 90 فیصد سیوریج کا پانی ڈالا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ شہر سے کچرا اٹھانے میں بری طرح ناکام ہے اور 70 فیصد کچرا نالوں میں موجود ہے، لیکن حکومت سندھ اس پر کوئی توجہ نہیں دے رہی، ہمارے اختیارات چھینے جا رہے ہیں اور فنڈز نہ ہونے کے باعث شہر میں صفائی ستھرائی اور ترقیاتی کام نہیں ہو پا رہے، جس سے یہ شہر بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔


خبر کا کوڈ: 653898

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/653898/میئر-کراچی-نے-شہر-میں-رین-ایمرجنسی-نافذ-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org