QR CodeQR Code

حکومت شریف خاندان کے دفاع میں مصروف ہے، ذمہ داریوں پر توجہ نہیں دی جا رہی، لیاقت بلوچ

17 Jul 2017 10:53

جماعت اسلامی کے رہنما کا کہنا تھا کہ حکمران واویلا کر رہے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے حالانکہ جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ خطرہ خود حکمران بنے ہوئے ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد اخلاقی طور پر وزیراعظم کو پہلے دن ہی مستعفی ہو جانا چاہیے تھا، حکومت کو موجودہ صورتحال سے دوچار کرنیوالے وہ ناعاقبت اندیش وزراء ہیں جو وزیراعظم کو اداروں اور عدلیہ سے ٹکرا جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ منصورہ لاہور میں تربیتی ورکشاپ سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ پوری حکومت نواز شریف اور ان کے خاندان کو بچانے اور انہیں معصوم ثابت کرنے میں لگی ہوئی ہے، حالانکہ جے آئی ٹی کی سی ٹی سکین میں ثابت ہوگیا ہے کہ کرپشن کی بیماری وزیراعظم سے ان کے پورے خاندان میں پھیل چکی ہے، اس موذی مرض کا فوری علاج ضروری ہے ورنہ اس بیماری پر قابو پانا مشکل ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی نے کرپشن کیخلاف تحریک پانامہ لیکس سے بہت پہلے شروع کی اور ہمارا جو موقف پہلے دن تھا، آج بھی وہی ہے کہ موجودہ اور سابقہ حکمرانوں سمیت سب کا احتساب کیا جائے اور قومی خزانے کو لوٹنے والوں سے پائی پائی وصول کی جائے۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ وزیراعظم اور ان کے خاندان کے دفاع میں مصروف حکومت اپنی اصل ذمہ داریوں پر توجہ نہیں دے رہی اور حکمرانوں نے اپنے ذاتی جھگڑوں میں قومی مفادات کو پس پشت ڈال دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکمران واویلا کر رہے ہیں کہ جمہوریت کو خطرہ ہے حالانکہ جمہوریت کیلئے سب سے زیادہ خطرہ خود حکمران بنے ہوئے ہیں، جے آئی ٹی رپورٹ آنے کے بعد اخلاقی طور پر وزیراعظم کو پہلے دن ہی مستعفی ہو جانا چاہیے تھا، حکومت کو موجودہ صورتحال سے دوچار کرنیوالے وہ ناعاقبت اندیش وزراء ہیں جو وزیراعظم کو اداروں اور عدلیہ سے ٹکرا جانے کا مشورہ دے رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 653939

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/653939/حکومت-شریف-خاندان-کے-دفاع-میں-مصروف-ہے-ذمہ-داریوں-پر-توجہ-نہیں-دی-جا-رہی-لیاقت-بلوچ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org