QR CodeQR Code

چوری پکڑی جانے کے باوجود نواز شریف ہٹ دھرمی کیساتھ میں نہ مانوں کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، جویریہ ظفر آہیر

17 Jul 2017 22:35

خوشاب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کی ضلعی صدر نے کہا کہ اب سپریم کورٹ کا فیصلہ شریف برادران کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل نصب کر دے گا، نواز شریف حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، جے آئی ٹی نے قوم کو نام نہاد شرفا کا اصلی روپ دکھا دیا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف ضلع خوشاب کی صدر جویریہ ظفر آہیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کی سیاہ کاریاں بے نقاب کر کے کرپشن مافیا کیخلاف قانون کو حرکت میں لانا پی ٹی آئی کی جراتمندانہ جدوجہد کا ثمر ہے، کرپٹ حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں، وہ وقت دور نہیں جب پاکستان کے مفلوک الحال عوام کو غاصب اور لٹیرے حکمرانوں سے نجات ملے گی۔ اُنہوں نے کہا کہ قومی وسائل پر بیدردی سے ہاتھ صاف کرنے اور عوامی حقو ق پر ڈاکہ ڈالنے والے غاصب اور لٹیرے حکمرانوں کا مکروہ چہرہ عوام کے سامنے ہے، پوری پاکستانی قوم ملکی معیشت کو بچانے کیلئے عمران خان کی قیادت میں متحد ہو چکی ہے، اب شریف برادران کے پاس اقتدار میں رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں۔ جویریہ ظفر آہیر نے کہا کہ چوری پکڑی جانے کے باوجود میاں نواز شریف ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے میں نہ مانوں کی پالیسی پر عمل پیرا ہیں، اُنھیں حالات کی سنگینی کا ادراک نہیں، جے آئی ٹی رپورٹ نے اُن کی سیاہ کاریوں کی تصدیق کر دی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ اب سپریم کورٹ کا فیصلہ شریف برادران کے اقتدار کے تابوت میں آخری کیل نصب کر دے گا، نواز شریف حکومت چند دنوں کی مہمان ہے، جے آئی ٹی نے قوم کو نام نہاد شرفا کا اصلی روپ دکھا دیا۔ انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کواب امریکہ اور مودی سرکار بھی نہیں بچا سکتی، جے آئی ٹی نے شریف ٹبر کی کرپشن بے نقاب کر دی ہے، کرپٹ حکمرانوں نے سپریم کورٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو پوری قوم اس کی مزاحمت کرے گی، نوازشریف کے پاس مستعفی ہونے کے سواء کوئی آپشن باقی نہیں بچا۔


خبر کا کوڈ: 653965

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/653965/چوری-پکڑی-جانے-کے-باوجود-نواز-شریف-ہٹ-دھرمی-کیساتھ-میں-نہ-مانوں-کی-پالیسی-پر-عمل-پیرا-ہیں-جویریہ-ظفر-آہیر

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org