0
Friday 15 Apr 2011 13:59

ریمنڈ ڈیوس نے 2 نوجوان نہیں پوری قوم کو قتل کیا،حمید گل،پاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی صلاحیت ہے مگر ہمت نہیں، اسلم بیگ

ریمنڈ ڈیوس نے 2 نوجوان نہیں پوری قوم کو قتل کیا،حمید گل،پاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی صلاحیت ہے مگر ہمت نہیں، اسلم بیگ
 اسلام آباد:اسلام ٹائمز۔آئی ایس آئی کے سابق سربراہ لیفٹیننٹ جنرل (ر) حمید گل نے کہا ہے کہ پرویز مشرف نے قوم کو سستے داموں بیچا۔ وکی لیکس نے انکشاف کیا کہ وزیراعظم گیلانی نے اوباما انتظامیہ سے کہا تھا کہ آپ کارروائی جاری رکھیں ہم شور مچاتے رہیں گے۔ امریکی تہذیب کے نام پر درندے ہیں۔ گذشتہ روز ایک انٹرویو میں حمید گل نے کہا کہ کئی سالوں سے کہہ رہا ہوں کہ نیٹو سپلائی بند کر دیں تو امریکی اپنی موت آپ مر جائیں گے، سپلائی بند ہونے سے نیٹو فورسز 15 دن بھی افغانستان میں نہیں رہ سکتیں۔ ہمارے پاس بہت سے پتے ہیں لیکن سیاسی قوت نہیں، جو ان کو استعمال کرنے کی صلاحیت رکھتی ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریمنڈ ڈیوس نے دو نوجوانوں کو قتل نہیں کیا بلکہ پوری قوم کو قتل کیا ہے۔
ادھر لاہور میں سابق آرمی چیف جنرل مرزا اسلم بیگ نے کہا ہے کہ حکومت نے ڈرون حملے بند کرنے کیلئے ابھی تک امریکہ سے دوٹوک الفاظ میں نہیں کہا اور نہ ہی ایسا کوئی واضح پیغام بھیجا ہے۔ ہمارے وزیراعظم نے تو الٹا دنیا سے اپیل کی ہے کہ ڈرون حملے رکوائے۔ ان میں تو اتنی ہمت بھی نہیں کہ وہ امریکہ سے ڈرون حملے بند کرنے کے لئے کہہ سکیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی کے دورہ امریکہ سے توقع تھی کہ پاکستان واضح کر دے گا کہ ڈرون حملے بند کر دو مگر ایسا پیغام امریکہ کو نہیں دیا گیا، آئی ایس آئی چیف نے بھی کہا کہ عوام میں ڈرون حملوں سے غم و غصہ بڑھ رہا ہے اس لئے یہ بند ہونے چاہئیں۔ ڈی جی آئی ایس آئی نے امریکہ سے یہی کہا ہے کہ ڈرون حملے ہماری سالمیت کو خطرہ ہیں۔ 
سابق آرمی چیف نے کہا کہ امریکہ تبھی دباﺅ میں آئے گا، جب پاکستانی قوم اکٹھی ہو گی اور عوام صحیح معنوں میں سڑکوں پر نکل کر مطالبہ کریں گے کہ پاکستانی سرزمین پر ڈرون حملے بند کئے جائیں۔ سیاسی رہنما اپنی جماعتوں اور کارکنوں کو ساتھ لیکر سڑکوں پر احتجاج کریں۔ ارکان اسمبلی کو بھی آواز بلند کرنا ہو گی۔ پاکستان کے پاس ڈرون طیارے گرانے کی صلاحیت ہے مگر اسکی ہمت نہیں۔ ہمارے طیارے ہوا سے ہوا میں مار کرنیوالے میزائل سے ڈرون کو 40 سے 50 میل کے فاصلے سے نشانہ بنا سکتے ہیں۔ امریکہ نے ریمنڈ ڈیوس کی رہائی پر جان بوجھ کر جرگہ میں شامل بے گناہ افراد کو ڈرون کا نشانہ بنا کر پاکستان کو پیغام دیا تھا کہ یہ ریمنڈ ڈیوس کو قید میں رکھنے کی سزا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ نے ڈی جی آئی ایس آئی سے کہا ہے کہ ڈرون حملہ کرنا انکا اختیار ہے البتہ وہ اس پر راضی ہیں کہ بتا دیا کریں گے کہ کب اور کہاں کریں گے۔ ابھی تک پاکستان نے امریکہ کو ڈرون حملے روکنے کی وارننگ نہیں دی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ تو امریکہ کا ہی ذیلی ادارہ ہے۔ وہ تو خود امریکہ کو دوسرے ممالک پر حملوں کے مواقع فراہم کرتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 65443
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش