0
Wednesday 19 Jul 2017 11:05

دینی مدارس رشدو ہدایت کے سر چشمے ہیں،ان کے علوم کی سند محمد عربی (ص) تک پہنچتی ہے، قاری حنیف جالندھری

دینی مدارس رشدو ہدایت کے سر چشمے ہیں،ان کے علوم کی سند محمد عربی (ص) تک پہنچتی ہے، قاری حنیف جالندھری
اسلام ٹائمز۔ لاہور کے جامعہ فتحیہ میں افتتاح بخاری شریف کی تقریب جامعہ کے ناظم اعلیٰ حافظ میاں محمد عفان کی صدارت میں منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی وفاق المدارس العربیہ کے سیکرٹری جنرل مولانا قاری محمد حنیف جالندھری تھے۔ تقریب کا آغاز مولانا ڈاکٹر قاری احمد میاں تھانوی کی تلاوت سے ہوا۔ اس موقع پر قاری محمد حنیف جالندھری نے اپنے خطاب میں کہا کہ مدارس رشدوہدایت کے سر چشمے ہیں، مدارس دینیہ میں پڑھائے جانیوالے علوم کی سند محمد عربی (ص) تک پہنچتی ہے، مدارس نے ہمشیہ اسلام کا پیغام امن پھیلایا اور اسی کا درس دیا۔ انہوں نے کہا کہ مدارس میں مذہب و رنگ ونسل کی تفریق کے بغیر انسانیت سے حسن و سلوک کی تعلیم دی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دینی مدارس اسلام کے واحد مراکز ہیں، جہاں انبیاء کے وارث علماء پیدا ہوتے ہیں، جو پوری دنیا میں اسلام کے امن و سلامتی والے پیغام کو پہنچانے میں مصروف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مدارس اسلامی تہذیب وتمدن کے پاسبان ہیں اور یہ ذمہ داری احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے اساتذہ سے کہا کہ طلباء کی تعلیم وتربیت اس نہج پر کریں کہ وہ معاشرے میں مفید کردار ادا کر سکیں۔ میاں عفان نے کہا کہ جامعہ فتحیہ کی انتطامیہ دینی خدمات میں ہر ممکن کوشش جاری رکھے گی۔ تقریب میں پروفیسر عبدالرشید خلیق، مولانا غلام شافی، جامعہ کے ناظم تعلیمات مولانا عبداللہ مدنی، مفتی شاہد عبید، پروفیسر حافظ سعید عاطف، قاری مومن شاہ، قاری محمد قاسم بلوچ، قاری عبدالعزیز، مفتی عبدالرحمن، مولانا عمران طارق کے علاوہ دیگر علماء نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 654480
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش