QR CodeQR Code

کوئٹہ کی احتساب عدالت نے کیسکو اہلکار کو کرپشن کرنے پر 11 سال قید کی سزا سنا دی

21 Jul 2017 08:59

تفصیلات کیمطابق نیب بلوچستان نے ملزم محمد حنیف کیخلاف سال 2014ء میں تحقیقات مکمل کرکے سال 2015ء میں 12 کروڑ 53 لاکھ کے ناجائز اثاثہ جات کیس میں ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کرکے ریفرنس عدالت میں جمع کروایا۔


اسلام ٹائمز۔ کوئٹہ کی احتساب عدالت نے آمدنی سے زائد جائیداد بنانے پر کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی کے سابق ڈویژنل اکاؤنٹنٹ کو گیارہ سال قید اور جرمانے کی سزا، جبکہ ساتھی ملزم کو تین سال قید کی سزا اور تمام جائیداد بحق سرکار ضبط کرنے کی سزا کا حکم سنا دیا۔ استغاثہ کے مطابق نیب بلوچستان نے ملزم محمد حنیف کے خلاف سال 2014ء میں تحقیقات مکمل کرکے سال 2015ء میں 12 کروڑ 53 لاکھ کے ناجائز اثاثہ جات کیس میں ناقابل تردید ثبوت اکٹھے کرکے ریفرنس عدالت میں جمع کروایا۔ تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ کیسکو میں جونیئر کلرک بھرتی ہونے والا مجرم محمد حنیف بحریہ ٹاؤن کراچی میں 2 پلاٹ، بحریہ ٹاؤن راولپنڈی میں ایک گھر اور ایک پلاٹ، طوغی ہاؤسنگ سکیم کوئٹہ میں ایک بنگلہ، جناح ٹاؤن کوئٹہ میں ایک بنگلہ، جبکہ پنجاب کے شہر لیہ میں قیمتی زمین کے علاوہ 4 قیمتی گاڑیوں کا مالک ہے۔ جرم ثابت ہونے پر احتساب عدالت کے جج عبدالمجید ناصر نے کیسکو کے سابق ڈویژنل اکاونٹنٹ محمد حنیف کو گیارہ سال قید اور 57 لاکھ 18 ہزار 722 روپے جرمانہ کیا، جبکہ اسکے جرم میں شریک ٹھیکیدار عاصم خان کو تین سال قید اور تمام جائیداد بحق سرکار ضبط کرنے کا حکم سنا دیا۔ نیب کے سینیئر پراسیکوٹر راشد زیب گولڑہ نے نیب کی جانب سے کیس کی پیروی کی۔


خبر کا کوڈ: 654845

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/654845/کوئٹہ-کی-احتساب-عدالت-نے-کیسکو-اہلکار-کو-کرپشن-کرنے-پر-11-سال-قید-سزا-سنا-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org