0
Friday 21 Jul 2017 20:19

کراچی، دارالعلوم کورنگی کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 اہلکار اور راہگیر بچہ شہید

کراچی، دارالعلوم کورنگی کے قریب پولیس موبائل پر فائرنگ سے 3 اہلکار اور راہگیر بچہ شہید
اسلام ٹائمز۔ شہر قائد کے علاقے دارالعلوم کورنگی کے قریب نامعلوم افراد کی فائرنگ سے 3 پولیس اہلکار شہید، جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر راہگیر بچہ شہید اور دوسرا زخمی ہوا۔ تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے دارالعلوم کورنگی کے قریب نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے پولیس موبائل پر فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں 3 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے، جنہیں فوری طور اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں تینوں اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے، جن کی شناخت قمرالدین، بابر اور امجد کے نام سے ہوئی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ سے راہگیر بچہ جاں بحق اور ایک زخمی بھی ہوا، جس کی حالت تشویشناک ہے۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ شہید تینوں پولیس اہلکاروں نے بلٹ پروف جیکٹس نہیں پہنی ہوئی تھیں، جبکہ تینوں اہلکاروں کی بلٹ پروف جیکٹس گاڑی میں موجود تھیں۔ واقعے کے بعد پولیس اور رینجرز کی بھاری نفری نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ملزمان کی تلاش شروع کر دی ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق فائرنگ کرنے والے 4 دہشتگرد دو موٹرسائیکلوں پر آئے تھے اور انھوں نے ہیلمٹ پہنے ہوئے تھے۔

پولیس موبائل عوامی کالونی میں موجود تھی جب اس پر حملہ کیا گیا۔ پولیس اہلکاروں کو جسم کے اوپری حصے پر گولیاں ماری گئیں۔ جائے وقوعہ سے نائین ایم ایم پستول کے 40 سے زائد خول بھی برآمد ہوئے ہیں۔ عوامی کالونی تھانے کے ایس ایچ او کو گذشتہ روز ہی تعینات کیا گیا تھا اور انھوں نے آج ہی چارج سنبھالا تھا۔ جس پولیس موبائل پر فائرنگ کی گئی، اس کا نمبر SP-534-A ہے۔ جناح اسپتال کی ڈائریکٹر شعبہ ایمرجنسی ڈاکٹر سیمی جمالی نے بتایا ہے کہ جاں بحق اور زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں دس سے بارہ سال کے درمیان ہیں۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے آئی جی سندھ سے واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے، وزیراعلیٰ نے آئی جی سندھ کو ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کیا جائے اور شہر کا امن خراب کرنے والوں کیخلاف ٹارگٹڈ آپریشن شروع کیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 654979
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش