QR CodeQR Code

لیاری ایکسپریس وے کی لاگت میں 100 فیصد اضافہ

22 Jul 2017 09:05

32 کلومیٹر کے اس دو رویہ ٹریک پر وقت کے ساتھ ساتھ لاگت بھی بڑھتی چلی گئی ہے اور 5 ارب سے شروع کئے جانے والے اس منصوبے کو اب تقریباََ 11 ارب روپے میں مکمل کیا جارہا ہے، گزشتہ دنوں گورنر سندھ نے لیاری ایکسپریس وے کے دورے کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ اب یہ منصوبہ رواں برس اکتوبر میں مکمل کیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ لیاری ایکسپریس وے کی تعمیر میں تاخیر کے باعث منصوبے کی لاگت میں 100 فیصد کا اضافہ ہوگیا ہے، جبکہ 2002ء سے جاری کام تاحال جاری ہے۔ لیاری ایکسپریس وے کا منصوبہ مئی 2002ء میں شروع کیا گیا اور اس منصوبہ کو 30 ماہ میں یعنی 2004ء میں مکمل کیا جانا تھا۔ لیاری ایکسپریس وے پروجیکٹ کے لئے 5ارب روپے کا تخمینہ لگایا گیا تھا، بعد ازاں اس منصوبے پر از سر نو کام شروع کیا گیا اور دسمبر 2009ء تک مکمل کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاہم لیاری سمیت تین ہٹی اور پاک کالونی کے قریب اس روٹ کی راہ میں آنے والی دیگر آبادیوں کو اس روٹ سے ہٹانے اور منصوبے کے لئے فنڈز نہ ہونے کے باعث یہ منصوبہ مزید تاخیر کا شکار ہوتا چلا گیا، کئی عدالتی کارروائیوں اور اطراف سے ہٹائی گئی آبادیوں کو دیگر مقامات پر بسانے اور انہیں معاوضہ دینے کے حوالے سے لیاری ایکسپریس وے ری سیٹلمنٹ پراجیکٹ بنایا گیا، جس کے بعد لیاری ندی کے اطراف اور اس روٹ کی راہ میں آنے والے ڈھائی لاکھ مکینوں کو ہاکس بے، تیسر ٹاؤن اور دیگر مقامات پر آباد کرنے کا کام شروع کیا گیا، جبکہ اس جگہ تجاوزات کو ہٹانے اور ان کو متبادل معیاری رہائشی سہولتوں کی فراہمی کے لئے 1870 ملین روپے کا تخمینہ بھی لگایا گیا تھا۔

لیاری ایکسپریس وے منصوبہ کراچی ماسٹر پلان کا حصہ ہے اور اسی کے تحت شہر سے ٹریفک کا بوجھ کم کرنے اور مال بردار اور بڑی گاڑیوں کو شہر سے گزارے بغیر ماڑی پور روڈ اور بندرگاہ تک لانے کے لئے اس منصوبے کو شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ سہراب گوٹھ سے ماڑی پور تک دو طرفہ ٹریفک کے لئے تعمیر کئے گئے اس منصوبے کا ایک ٹریک 2010ء میں مکمل کرلیا گیا تھا، جبکہ دوسرے ٹریک کے مکمل ہونے میں فقط ایک کلومیٹر کا ٹریک باقی رہ گیا تھا جس پر بھی کام جاری ہے، 32 کلومیٹر کے اس دو رویہ ٹریک پر وقت کے ساتھ ساتھ لاگت بھی بڑھتی چلی گئی ہے اور 5 ارب سے شروع کئے جانے والے اس منصوبے کو اب تقریباََ 11 ارب روپے میں مکمل کیا جارہا ہے، گزشتہ دنوں گورنر سندھ نے لیاری ایکسپریس وے کے دورے کے بعد میڈیا کو بتایا تھا کہ اب یہ منصوبہ رواں برس اکتوبر میں مکمل کیا جائے گا۔ تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت نے تعمیراتی کام کرنے والے اداروں کو منصوبہ اسی سال اگست میں مکمل کرنے کی ہدایت دے دی ہے اور امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ وزیراعظم اس منصوبے کا 14 اگست کو افتتاح کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 655054

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/655054/لیاری-ایکسپریس-وے-کی-لاگت-میں-100-فیصد-اضافہ

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org