QR CodeQR Code

بلوچستان میں دہشتگردوں کو انکی بلوں سے نکال کر ماریں گے، احسن محبوب

22 Jul 2017 10:46

اے ٹی ایف ٹریننگ سکول کوئٹہ میں بلوچستان کانسٹیبلری کے 227 اہلکاروں کو ایلیٹ فورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے آئی جی بلوچستان پولیس کا کہنا تھا کہ ہم حکومت اور عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔ وزیراعلٰی بلوچستان نے ایک سال قبل ایلیٹ فورس کا ویژن پیش کیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ انسپکٹر جنرل آف پولیس بلوچستان احسن محبوب نے کہا ہے کہ پولیس کے جوانوں کو دہشتگردی سے نمٹنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے عسکری اور سیاسی قیادت کے ویژن کے مطابق جدید تربیت دے کر ان کی استعداد کار کو بڑھایا جا رہا ہے۔ پولیس کے افسران اور جوانوں کی شہادت سے ہمارے حوصلے متزلزل نہیں ہونگے اور نہ ہی ہمارا مورال ڈاؤن ہوا ہے۔ ہم دہشتگردوں کو ان کی بلوں سے نکال کر ماریں گے، کیونکہ یہ ہمارا قومی فریضہ ہے، جس کو نبھاتے ہوئے ہم اپنی جانیں قربان کرنے سے دریغ نہیں کرینگے۔ ایلیٹ فورس کا قیام بلوچستان پولیس کے یونٹ میں اضافے سے اس کی قوت مزید مضبوط ہوگی۔ جس کیلئے حکومت وسائل فراہم کر رہی ہے۔ ہم حکومت اور عوام کی امیدوں پر پورا اتریں گے۔

وزیراعلٰی بلوچستان نے ایک سال قبل ایلیٹ فورس کا ویژن پیش کیا تھا۔ جس پر عملدرآمد کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے جو وسائل فراہم کئے گئے، اس کی روشنی میں بلوچستان کانسٹیبلری سے میرٹ کی بنیاد پر ایک ہزار نوجوانوں کو ایلیٹ فورس میں شامل کرنے کیلئے اے ٹی ایف سکول سے جدید تربیت دلوائی ہے۔ جس کا آج دوسرا بیج جو 227 جوانوں پر مشتمل ہے۔ مذکورہ بیج نے 4 ماہ کے دوران یہ تربیت حاصل کی ہے۔ اس سے قبل تقریباً 225 جوانوں نے تربیت حاصل کی تھی۔ انہیں ایس ایس جی کی طرز پر جدید تربیت فراہم کی گئی ہے، تاکہ یہ جوان ایلیٹ فورس کا حصہ بن کر اے ٹی ایف کی طرح بلوچستان کے طول و عرض میں اپنے فرائض منصبی کو نبھاتے ہوئے دہشتگردی کا قلع قمع کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں۔ سیاسی اور عسکری قیادت کی جانب سے بلوچستان پولیس اور خصوصاً ایلیٹ فورس کو تمام وسائل فراہم کئے جا رہے ہیں۔ ایک ہزار ایلیٹ فورس کے نوجوانوں کو چار مراحل میں تربیت دے رہے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 655101

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/655101/بلوچستان-میں-دہشتگردوں-کو-انکی-بلوں-سے-نکال-کر-ماریں-گے-احسن-محبوب

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org