0
Sunday 23 Jul 2017 09:24

کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ منظوری کے آخری مراحل میں ہے، عبدالرزاق چیمہ

کوئٹہ سیف سٹی پروجیکٹ منظوری کے آخری مراحل میں ہے، عبدالرزاق چیمہ
اسلام ٹائمز۔ ریجنل پولیس آفیسر و ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ کوئٹہ پولیس نے بھتہ خوری کے 95 فیصد کیسز کو حل کیا ہے۔ بزنس کمیونٹی، تاجر برادری اور سول سوسائٹی کے تعاون سے جرائم پر قابو پاکر امن کے قیام کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ پولیس کے رویئے میں بہتری لانے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں۔ محکمہ میں سزا اور جزا کے عمل پر کاربند ہو کر غلط کام کرنے والوں کا محاسبہ کیا جا رہا ہے۔ کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ منظوری کے آخری مراحل میں ہے۔ حکومت کی جانب سے منظوری کے بعد اس پر کام کا آغاز ہو جائیگا، جس سے کوئٹہ میں بدامنی اور جرائم کی وارداتوں پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ میں عام شہریوں کی طرح ہر مکتبہ فکر سمیت تاجروں کے لئے بھی 24 گھنٹے حاضر ہوں۔ کسی بھی مشکل وقت یا صورتحال میں رابطے کے لئے عوام کی آسانی کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام تھانوں کے باہر اپنا نمبر درج کرایا ہے، تاکہ کوئی بھی شہری کسی بھی شکایت کے موقع پر براہ راست میرے ساتھ رابطہ کرے، تاکہ میں ان کی شکایات سنوں اور انہیں حل کروں۔ اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں جو ملزمان ملوث ہیں، جب یہ کیس حل ہونگے تو وہ آئندہ اس طرح کی واردات کرنے کے قابل نہیں ہونگے۔ اگر ہمارے ساتھ شہری تعاون کر رہے ہیں تو ہم نے بہت سی وارداتوں کو ناکام بنانے کے ساتھ ساتھ ملزمان کو کیفر کردار تک پہنچایا ہے۔ کوئٹہ سیف سٹی منصوبہ منظوری کے لئے حکومت کے پاس ہے، جیسے ہی حکومت اس کی منظوری دے گی، اس پر عملدرآمد کا آغاز کر دیا جائیگا۔

اس موقع پر پاک ایران مشترکہ ایوان صنعت و تجارت کے صدر و وفاقی ایوان صنعت و تجارت کے نائب صدر حاجی ولی محمد، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈر اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر ملک ندیم کاسی، حاجی جمعہ خان، حاجی رفو گل بڑیچ، حاجی محمد اکبر مینگل، حاجی شیر علی بنگلزئی، جاوید احمد پراچہ، مقبول الٰہی بھٹی، قاسم خان سوری، سلیم رضا ایڈووکیٹ، حاجی نادر، نعیم رمضان، باری بڑیچ، حاجی نعمت اللہ نورزئی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔ جاوید احمد پراچہ نے کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈر کی جانب سے امن و امان سمیت دیگر صورتحال کے حوالے سے ڈی آئی جی کو آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ آج سے تین سال قبل آپ کے دورہ چیمبر کے موقع پر کوئٹہ کے حالات کافی خراب تھے۔ تاجروں کی ٹارگٹ کلنگ، اغواء برائے تاوان، ڈکیتی اور دیگر جرائم کی وارداتیں عروج پر تھی۔ لیکن پولیس نے قربانیاں دے کر امن کے قیام کو یقینی بنایا ہے۔ تاجر برادری نے ہمیشہ پولیس اور تاجروں کے درمیان حائل رکاوٹوں اور فاصلوں کو کم کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ چیمبر کی اسٹینڈنگ کمیٹی برائے پولیس و امن و امان کی فہرست آپ کے حوالے کرینگے۔ کوئٹہ سیف سٹی منصوبے سمیت امن کے دیرپا قیام کے لئے ہم اپنا کردار ادا کرینگے۔ اس موقع پر پاک ایران مشترکہ چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی ولی محمد نے ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے تاجروں کے بہت سے مسائل کو حل کیا ہے اور ہماری کوشش ہے کہ آئندہ بھی تاجر برادری اور پولیس مل کر کام کریں۔ اس موقع پر ڈی آئی جی کوئٹہ کو پاک ایران چیمبر آف کامرس کے صدر حاجی ولی محمد، کوئٹہ چیمبر آف سمال ٹریڈرز اینڈ سمال انڈسٹری کے صدر ملک ندیم کاسی سمیت دیگر رہنماؤں نے شیلڈ پیش کی۔
خبر کا کوڈ : 655365
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش