QR CodeQR Code

پشاور، خیبر ایجنسی میں ایف سی چیک پوسٹ پر دھماکہ، ایک اہلکار شہید ایک زخمی

23 Jul 2017 11:20

سکیورٹی فورسز کیمطابق دھماکہ خیبر ایجنسی کے علاقے شین درنگ اکاخیل میں شرپسندوں کیجانب سے آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا، جسکے نتیجے میں خاصہ دار فورس کا اہلکار ریاض شہید اور سپاہی ثاقب شدید زخمی ہوگیا۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر ایجنسی میں فورسز پر ہونے والے بم دھماکے کے نتیجے میں ایک سکیورٹی اہلکار جاں بحق جبکہ ایک زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق وفاق کے زیرِ انتظام قبائلی علاقے فاٹا کی خیبر ایجنسی میں ہونے والے دھماکے میں سکیورٹی فورسز کے 2 اہلکار نشانہ بنے، جس کے نتیجے میں خاصہ دار فورس کا اہلکار ریاض شہید اور سپاہی ثاقب شدید زخمی ہوگیا۔ سکیورٹی فورسز کے مطابق دھماکہ خیبر ایجنسی کے علاقے شین درنگ اکاخیل میں شرپسندوں کی جانب سے آئی ای ڈی کے ذریعے کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی فورسز نے جائے وقوع پر پہنچ کر زخمی اور شہید اہلکار کو ہسپتال منتقل کیا، جبکہ علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن بھی شروع کر دیا۔ یاد رہے کہ گذشتہ روز آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا تھا کہ آپریشن خیبر 4 کے تحت 21 جولائی کو پاک افغان سرحدی علاقے میں بلند ترین مقام بریخ محمد کنڈاؤ پر دہشت گردوں کے ساتھ جھڑپ ہوئی، جس میں متعدد دہشت گرد ہلاک جبکہ کئی زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے اسپیشل سروسز گروپ نے دہشت گردوں کے متعدد ٹھکانے تباہ کر دیئے تھے، کارروائی کے بعد پاک فوج نے علاقے کو کلیئر قرار دیکر 12 ہزار فٹ کی بلندی پر اپنی چیک پوسٹیں قائم کر دیں۔


خبر کا کوڈ: 655416

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/655416/پشاور-خیبر-ایجنسی-میں-ایف-سی-چیک-پوسٹ-پر-دھماکہ-ایک-اہلکار-شہید-زخمی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org