0
Sunday 23 Jul 2017 12:46

سندھ کابینہ کا اجلاس، گورنر کے اعتراضات مسترد، سندھ احتساب ایجنسی کے قیام کی منظوری

سندھ کابینہ کا اجلاس، گورنر کے اعتراضات مسترد، سندھ احتساب ایجنسی کے قیام کی منظوری
اسلام ٹائمز۔ سندھ کابینہ نے صوبہ میں نیب کو غیر فعال کرنے کے بل پر گورنر سندھ کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے اسے سندھ اسمبلی سے دوبارہ منظور کرانے فیصلہ کیا ہے۔ سندھ کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کی زیرصدارت منعقد ہوا جس میں پیر سے شروع ہونے والے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کئے جانے والے بلوں کا جائزہ لیا گیا۔ کابینہ نے سندھ میں نیو کیپٹو پاور پلانٹس کے نام سے قائم نجی بجلی گھروں کو سبسڈی دینے سے متعلق بل پر گورنر سندھ کے اعتراض کو بھی مسترد کردیا۔ کابینہ نے پرویز مشرف دور میں نافذ کئے گئے سرکاری ملازمین کی برطرفی کے قانون ریموول فرام سروس (اسپیشل پاورز) سندھ آرڈیننس 2000ء کو ختم کرنے کا بل بھی سندھ اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی، صوبے میں احتساب کے لئے سندھ انسداد بدعنوانی بل کوحتمی شکل دے کر اس کی منظوری دے دی۔ سندھ کابینہ نے گورنر کے 2 سرکاری بلوں پر اعتراضات کو بھی مسترد کرکے بلز کو اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ نے سندھ فارنسک سائنس ایجنسی ایکٹ 2017ء کے مسودے کی بھی منظوری دی، جس کے تحت کراچی میں جدید فارنسک لیباریٹری قائم کی جائے گی، جس سے عدالتوں میں کرمنل کیسز کے لئے فارنسک معائنے پر مبنی شواہد بروقت پیش کئے جاسکیں گے۔

کابینہ نے سندھ سول سرونٹس ایکٹ 1973ء میں ترمیم کی منظوری دی، جس کے تحت سرکاری ملازمتوں میں معذور لوگوں کا کوٹا 2 فیصد سے 5 فیصد کیا جائے گا، مذکورہ ترمیمی بل بھی منظوری کے لئے سندھ اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائے گا۔ سندھ کابینہ کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون ضیاء النجار نے کہا کہ صوبائی اسمبلی کو یہ اختیار ہے کہ وہ صوبائی قانون بناسکتی ہے، کابینہ نے نیب آرڈیننس کی منسوخی اور بجلی گھروں کو سبسڈی دینے کے بلز پر گورنر سندھ کے اعتراضات کو مسترد کردیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب میں کسی کے خلاف درخواست دینے سے کوئی مجرم نہیں ہوجاتا، ہم چاہتے ہیں کہ ایک درخواست پر کوئی عزت دار شخص متاثر نہ ہو۔
خبر کا کوڈ : 655455
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش