0
Monday 24 Jul 2017 08:52

کابل کے مغربی علاقے میں کار بم دھماکہ، 24 افراد جان بحق، 42 زخمی

کابل کے مغربی علاقے میں کار بم دھماکہ، 24 افراد جان بحق، 42 زخمی
اسلام ٹائمز۔ افغانستان کے دارالحکومت کابل کے مغربی علاقے میں کار بم دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد جاں بحق جبکہ 42 زخمی ہوگئے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نے دھماکے میں مرنے اور زخمی ہونے والے افراد کی تعداد کی تصدیق کی۔ فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ترجمان نجیب دانش کا کہنا تھا کہ بارود سے بھری گاڑی وزارت کان کنی کے ملازمین کو لے کر جانے والے بس سے جا ٹکرائی۔ ترجمان وزارت داخلہ نجیب دانش کا کہنا تھا کہ صبح سویرے رونما ہونے والے اس حملے کا ہدف تاحال واضح نہیں ہوسکا ہے۔ اس سے قبل وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح کا کہنا تھا کہ اب تک 8 لاشیں جبکہ 10 زخمی افراد کو کابل کے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کیا جاچکا ہے۔ واضح رہے کہ کابل کے مغربی حصے میں کئی ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے افراد آباد ہیں، جنہیں ماضی میں بھی حملوں کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ دھماکے کے قریبی علاقے میں معروف سیاستدان اور سابق جنگجو محمد محقق کا گھر بھی واقع ہے، سیاستدان کے ترجمان کا حملے سے متعلق کہنا تھا کہ بم دھماکہ محمد محقق کے گھر کے نزدیک قائم پہلے چیک پوائنٹ پر ہوا، جس میں کچھ شہری زخمی و جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے خیال ظاہر کیا کہ دھماکے سے بھری گاڑی کا ہدف سیاستدان کا گھر تھا، تاہم گارڈز نے ایسا ہونے سے روک لیا۔ دوسری جانب تاحال دھماکے کی ذمہ داری کسی گروپ کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔ خیال رہے کہ افغان دارالحکومت میں خودکش حملوں اور دھماکوں کا رونما ہونا معمول ہے، اقوام متحدہ کی جانب سے جاری ہونے والی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق 2017ء کی ابتداء میں کُل شہریوں کی ہلاکت کا پانچواں حصہ کابل کے ہلاک ہونے والے شہریوں پر مشتمل تھا۔
خبر کا کوڈ : 655636
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش