0
Monday 24 Jul 2017 14:26
قوم کو تقسیم کرنیوالی قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں

لاہور، علماء کا دہشتگردی، انتہاپسندی کیخلاف بھرپور جدوجہد کا اعلان

لاہور، علماء کا دہشتگردی، انتہاپسندی کیخلاف بھرپور جدوجہد کا اعلان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان علماء کونسل نے اعلان کیا ہے کہ انتہاپسندی کے خاتمہ کیلئے بھر پور جدوجہد کی جائے گی اور آپریشن ردالفساد کی کامیابی کیلئے پاک فوج اور قومی سلامتی کے اداروں کیساتھ ہر سطح پر تعاون کیا جائے گا، قوم کو تقسیم کرنیوالی قوتیں پاکستان کو کمزور کرنا چاہتی ہیں، دہشتگردی، انتہا پسندی کے خاتمے تک اسلامی ممالک میں استحکام ممکن نہیں، بیت المقدس میں نماز ادائیگی پر پابندی عالمی امن کو تباہ کرنے کی سازش ہے، الاقصیٰ کی آزادی کیلئے مسلم امہ سب کچھ قربان کرنے کو تیار ہے، مسلم ممالک کو الاقصیٰ کی آزادی، حرمین شریفین کی سلامتی و استحکام کیلئے اپنے اختلافات کو ختم کرنا ہوگا۔ پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین زاہد محمود قاسمی نے کہا کہ پاکستان علماء کونسل اگست میں دہشتگردی، انتہاپسندی کیخلاف اور نظریہ پاکستان کو اجاگر کرنے کیلئے ملک گیر مہم چلائے گی اور مختلف اضلاع میں ’’تحفظ نظریہ پاکستان‘‘ کے عنوان سے کانفرنسیں، سیمینارز، تقریبات منعقد کرے گی۔ اجلاس سے مرکزی سرپرست مولانا رفیق جامی، وائس چیئرمین پیر جی خالد محمود قاسمی، مولانا عبیدالرحمن ضیاء، حافظ محمد شعبان صدیقی، سیکرٹری جنرل مولانا شاہنواز فاروقی، علامہ شبیر احمد عثمانی، شیخ الحدیث مولانا حق نواز خالد، صدر پنجاب حافظ محمد امجد، اسلام آباد کے صدر مولانا ذوالفقار احمد، مولانا عبدالمنان عثمانی، مولانا عمر قاسمی، علامہ حفیظ الرحمن کشمیری، مولانا محمد مشتاق لاہوری، مولانا گلزار احمد آزاد، مولانا عبید اللہ حیدری، مولانا عاطف محمود عباسی و دیگر علماء نے بھی خطاب کیا۔

چیئرمین پاکستان علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کو شام، عراق، لیبیاء بنانے کی سازشیں ہو رہی ہیں۔ علماء اور منبر و محراب پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ اسلام کے حقیقی پیغام کو عوام تک پہنچانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، اسلام کے نام پر فتنہ و گمراہی پھیلانے والوں کا اسلام اور پاکستان سے کوئی تعلق نہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی، انتہا پسندی کے ذریعے ملک کو کمزور کرنیوالی قوتوں کا متحد ہوکر مقابلہ کرنا ہوگا، مسجد اقصیٰ اور مظلوم فلسطینیوں پر اسرائیل کے مظالم ناقابل برداشت ہیں، بیت المقدس کے تحفظ اور آزادی کیلئے مسلمان اپنی جان قربان کرنا سعادت سمجھتا ہے۔ مرکزی سرپرست مولانا رفیق جامی نے کہا کہ دہشتگرد تنظیموں کا ہدف اسلامی ممالک ہیں، شام، عراق، لیبیاء کے ان قوتوں کا اگلا ہدف پاکستان اور سعودی عرب ہیں، بیت المقدس کی آزادی اور مسلم ممالک کی سلامتی و استحکام کیلئے عالم اسلام کو متحد ہونا ہوگا۔ وائس چیئرمین مولانا عبیدالرحمن، پیر جی خالد محمود قاسمی نے کہا کہ اسلام امن و سلامتی کا درس دیتا ہے۔ علماء اسلام نے بے گناہ انسانیت کا خون بہانے والوں کی ہمیشہ حوصلہ شکنی ہے۔ دہشتگردی، انتہاپسندی اور فرقہ وارانہ تشدد پھیلانے کی اسلام اور آئین پاکستان ہر گز اجازت نہیں دیتا۔

پاکستان علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا شاہ نواز فاروقی نے کہا کہ علماء، خطباء، آئمہ اسلام کے پیغام اعتدال کو عام کرنے کیلئے اپنا کردار ادا کریں، دہشتگردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی قوم اور افواج کی قربانیاں قابل فخر ہیں، پاکستان علماء کونسل ماہ اگست کو ماہ پاکستان کے طور پر منائے گی اور دہشتگردی، انتہا پسندی کیخلاف بھر پور مہم چلائے گی اور ملک بھر میں ’’تحفظ نظریہ پاکستان‘‘ کے عنوان سے کانفرنسیں منعقد کرے گی۔ اجلاس میں مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کی طرف سے فائرنگ کی شدید مذمت کرتے ہوئے مطالبہ کیا گیا کہ او آئی سی کا فوری طور پر اجلاس بلایا جائے اور مسجد اقصیٰ کو صہیونیوں کے قبضہ سے واگزار کروانے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے جائیں۔
خبر کا کوڈ : 655734
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش